1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کن فلمی میلہ شروع ہو گیا

13 مئی 2010

عالمی فلمی صنعت میں ایک منفرد فلمی میلے کا فرانسیسی شہر کن میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ بارہ مئی سے شروع ہونے والا فلم فیسٹول 23 مئی کو انعامی تقریب پر اختتام پذیر ہو گا۔

https://p.dw.com/p/NMY2
تصویر: Brigitte Lacombe

بحیرہ روم کے کناروں پر آباد فرانسیسی شہر کن یوں تو سیاحوں کا بھی پسندیدہ شہر ہے، لیکن اس کی جداگانہ حیثیت یہاں ہونے والا بین الاقوامی فلمی میلہ ہے۔ فرانسیسی شہر کن کا فلمی میلہ، عالمی فلمی میلوں میں ایک سند کا درجہ رکھتا ہے۔ کئی فلموں کے ورلڈ پریمیئر کے لئے اس میلے کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مختلف کیٹگریز میں انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔ ہر سال دنیا بھر سے فلمی صنعت کی مقبول شخصیات کن پہنچتی ہیں۔ بھارت کی فلم انڈسٹری کی کئی نامی ہستیاں بھی فیسٹول کے دوران ریڈ کارپٹ تقریبات میں نمایاں ہوتی ہیں۔ بارہ دنوں میں کن میں فلمی موضوعات پر فورم، سیمپوزیم اور رات گئے رقص و سرور کی محفلیں شہر کے ماحول کو گرمائے رکھتی ہیں۔

انعام حاصل کرنے والی فلموں کے لئے قائم جیوری کے سربراہ عالمی شہرت کے امریکی ہدایت کار ٹم برٹن ہیں اور اس جیوری کے ارکین میں بھارت کے نامور اداکار و ہدایتکار شیکھر کپور بھی شامل ہیں۔

بارہ مئی کو افتتاح کے موقع پر اکیڈیمی ایوارڈ یافتہ مشہور اداکار رسل کرو اور کیٹ بلانشٹ بھی موجود تھے۔ یہ اداکار فیسٹول کے افتتاح پر پیش کی جانے والی فلم رابن ہڈ کے پریمیئر میں شریک تھے۔ ان کے علاوہ ایوا لنگوریا، ایشوریا رائے بچن اور سلمیٰ ہائیک بھی آغاز کی تقریب میں نمایاں تھیں۔ اگلے دنوں میں شین پین، مِک جیگر، نومی واٹس، ووڈی ایلن سمیت کئی معتبر اداکارو ہدایتکار کن میلے میں شرکت کرنے والے ہیں۔

Flash-Galerie Filmfestspiele Cannes 2010
رسل کرو: فلم رابن ہڈ میںتصویر: Universal Pictures International France

کن فلمی میلے کے آغاز سے قبل ہی الجزائر کے ایک فلمساز رشید بوشارب کی فلم پر فرانس میں تنقید کے ساتھ ساتھ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی جائے۔ فرانسیسی نقادوں کے ساتھ ساتھ اب تنازعے میں کئی سیاستدان بھی شامل ہو گئے ہیں۔ فیسٹول کے دوران احتجاج کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

کن فلمی میلے میں بہترین فلم کے انعام میں انیس فلمیں جیوری کے اراکان دیکھیں گے۔ اس بار کے میلے میں میکسیکو، جاپان، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، چین اور کئی ہالی ووڈ فلموں کے پریمیئر شیڈول ہیں۔ بھارتی اداکارہ ملکہ شیراوت کی فلم’ ہس (Hisss)‘ کا ورلڈ پیریمیئر بھی طے ہے۔ اسی طرح ایک اور بھارتی اداکارہ فریدہ پنٹو کی ہالی ووڈ میں بننے والی فلم بھی شائقین کے لئے پیش کی جا رہی ہے۔ فریدہ پنٹو جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم میں بانڈ گرل کے طور پر منتخب کی جا چکی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید