کورونا وائرس نے ایرانی سابق نائب وزیر خارجہ کی جان لے لی
6 مارچ 2020ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ حسین شیخ السلام کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دم توڑ گئے ہیں۔ اُن کی عمر سڑسٹھ برس تھی۔ اُن کا انتقال جمعہ چھ مارچ کی صبح تہران کے ایک ہسپتال میں ہوا۔
حسین شیخ السلام کی رحلت پر موجودہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کو اپنا قریبی دوست قرار دیا۔ ظریف نے مرحوم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایک کھلے ذہن کا سفارت کار بھی قرار دیا۔
حسین شیخ السلام سن 1980 کی پوری دہائی کے دوران بطور نائب وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ اس منصب سے فارغ ہونے کے بعد انہیں شام میں سفیر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ موجودہ پارلیمنٹ کے رکن ہونے کے علاوہ اسپیکر علی لاریجانی کے خارجہ امور کے مشیر بھی تھے۔
ایران میں اس وقت چین کے بعد جنوبی کوریا اور اٹلی کی طرح کووڈ انیس کے ہزاروں مریض ہیں۔ تہران حکومت کے مطابق چین میں پیدا ہونے والی کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا افراد کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز ہو چکی ہے۔ اس بیماری سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک سو سات ہے۔
ایران میں اس مرض میں مبتلا افراد میں نائب صدر اسحاق جہانگیریاور خاتون نائب صدر معصومہ ابتکار بھی شامل ہیں۔ اسی دوران تہران حکومت نے مساجد میں اجتماع کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے جمعے کی نماز پر پابندی عائد کر دی تھی۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم بیاسی ممالک میں رپورٹ کی جا چکی ہے۔ اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچنے والی ہے۔ دوسری جانب مختلف ممالک میں ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار تین سو سے بڑھ گئی ہیں۔
ع ح ⁄ ع ب (ڈی پی اے)