1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس، پاکستان بارہ لاکھ ویکسین خوراکیں خریدے گا

31 دسمبر 2020

پاکستان نے چینی کمپنی سائنوفارم سے کورونا وائرس کے خلاف تیار کی گئی ویکسین کی بارہ لاکھ خوراکیں خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی مقامی ویکسین بھی کلینکل ٹرائلز کے تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/3nPCG
China Peking | Sinopharm Impfstoff
تصویر: Zhang Yuwei/AP/picture alliance

پاکستان کے اتحادی ملک چین نے جمعرات کو ریاستی حمایت یافتہ دوا ساز کمپنی سائنوفارم کی کووڈ انیس کے خلاف تیار کردہ ویکسین کے عوامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے بعد پاکستان نے بھی اس چینی کمپنی سے ویکسین خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستانی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین کا کہنا تھا، ''پاکستانی کابینہ نے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی بارہ لاکھ خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ویکسین سن دو ہزار اکیس کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔‘‘

چودھری فواد حسین کا نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے سائنوفارم کی وہ ویکسین خریدی جائے گی، جو بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پراڈکٹس کی تیار کردہ ہے۔

سائنوفارم کے پاس ایک دوسری ویکسین بھی ہو گی، جو ووہان انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹس کی طرف سے تیار کی جا رہی ہے۔ یہ ویکسین فی الحال فیز تھری کے ٹرائلز سے گزر رہی ہے۔

China Peking | Sinopharm Impfstoff
تصویر: Zhang Yuwei/Xinhua/imago images

پاکستان نے رواں ماہ کے آغاز پر کووڈ ویکسین کی خریداری کے لیے ایک سو پچاس ملین ڈالر مختص کیے تھے۔ ابتدائی طور پر زیادہ غیر محفوظ تصور کی جانے والی پانچ فیصد ملکی آبادی کو ویکسین فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ تاہم یہ اعلان نہیں کیا گیا تھا کہ ویکسین کس کمپنی یا ملک سے خریدی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ایک سے زائد کمپنیوں یا ملکوں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

جمعرات کو چودھری فواد حسین کا کہنا تھا، ''اگر نجی سیکٹر بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ کوئی دوسری ویکسین  درآمد کرنا چاہتا ہے تو وہ کر سکتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وائرس: برطانیہ نے نئی آکسفورڈ ویکسین کی منظوری دے دی

پاکستان اور تحقیق کے خلاف نہ ختم ہونے والے سازشی نظریات

 

تقریبا دو سو بیس ملین آبادی والے پاکستان کو اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ بدھ کے روز اٹھاون افراد اس مہلک وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے جبکہ ایسی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

مقامی ویکسین کی تیاری

پاکستان میں بھی اس وقت ویکسین کی تیاری فیز تھری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور اس کے کلینکل ٹرائلز جاری ہیں۔ یہ ویکسین چینی کمپنی کین سائنو بائیولوجکس اور حکومتی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے اشتراک سے تیار کی جا رہی ہے۔

کین سائنو کے مقامی نمائندے اور اے جے فارما سے تعلق رکھنے والے حسن عباس کا کہنا ہے کہ حتمی ٹرائلز کے لیے آئندہ دس روز تک مریضوں کا انتخاب کر لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا، ''مریضوں کے انتخاب کے چار سے پانچ روز بعد ابتدائی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اور تب یہ بھی بتا دیا جائے گا کہ ویکسین کتنے فیصد موثر ہے۔‘‘ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فی الحال ان کی تیار کردہ ویکسین کے کوئی سنجیدہ مضر اثرات سامنے نہیں آئے۔

اے جے فارما ان پانچ کمپنیوں میں سے ایک ہے، جنہوں نے ویکسین کی منظوری کے بعد اس کی تقسیم کے لائسنس حاصل کرنے کے لیے اپلائی کر رکھا ہے۔

ا ا / ع ت ( روئٹرز)