کورونا وائرس: پاکستان میں مرنے والوں کی عمریں کیا تھیں؟
15 اپریل 2020پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے گزشتہ روز جزوی لاک ڈاؤن میں دو ہفتوں کی توسیع کا فیصلہ کیا۔ تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے ملک بھر میں تعمیراتی شعبے سمیت کئی شعبوں میں کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال
پاکستانی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار کے لیے ایک خصوصی ویب سائٹ ترتیب دے رکھی ہے۔
آج پندرہ اپریل بدھ کی صبح تک کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں اب تک 5,988 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے تھے۔
کووِڈ انیس سے متاثر ہونے والے افراد میں سے اب تک 1,446 مریض دوبارہ صحت مند ہو چکے ہیں جب کہ 107 افراد کے لیے یہ مرض جان لیوا ثابت ہوا۔ اس وقت پاکستان میں 'ایکٹیو کیسز‘ کی تعداد 4,435 ہے۔
سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے اور شہر
آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑے پاکستانی صوبے پنجاب میں مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ پنجاب میں قریب تین ہزار جب کہ سندھ میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں مریضوں کی تعداد 865 ہے لیکن ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 38 ہے۔ بلوچستان میں 240 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
مریضوں کی سب سے کم تعداد پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں ہے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 46 ہے، جن میں سے چار صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ وہاں اب تک اس وائرس کے باعث کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔
سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں نمایاں ترین لاہور اور کراچی ہیں۔ لاہور میں مریضوں کی تعداد ملک بھر کے مجموعی کیسز کے بیس فیصد سے زائد بنتی ہے۔ قریب اٹھارہ فیصد مریض کراچی میں ہیں۔
دیگر زیادہ متاثرہ شہروں میں حیدر آباد، ڈیرہ غازی خان، گجرات، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔
مریضوں میں زیادہ تر مرد ہیں
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ایک چوتھائی تعداد خواتین کی ہے جب کہ 75 فیصد کے قریب متاثرین مرد ہیں۔ خواتین مریضوں میں سے قریب چوبیس فیصد کا تعلق کراچی سے ہے جب کہ لاہور کے رہائشی مریضوں میں سے قریب بارہ فیصد خواتین ہیں۔
مردوں اور خواتین میں سے قریب بیالیس فیصد مریضوں کی عمریں تیس برس یا اس سے بھی کم ہیں۔
پاکستان میں مرنے والوں کی عمریں کیا تھیں؟
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی طور پر اب تک ایک سو سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 38، سندھ میں 35، پنجاب میں 28 جب کہ بلوچستان میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
ہلاک ہونے والے مریضوں میں سے بائیس فیصد خواتین تھیں جب کہ باقی اٹھہتر فیصد مریض مرد تھے۔ کووِڈ انیس میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والے مردوں اور خواتین میں سے 31 فیصد سے زائد کی عمریں ساٹھ سے انہتر برس کے درمیان تھیں۔
مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے پاکستانی مردوں اور خواتین میں سے 80 فیصد سے زائد کی عمریں پچاس برس یا اس سے زیادہ تھیں۔
مرنے والی خواتین میں سے نصف سے زائد کی عمریں ساٹھ اور ستر برس کے درمیان تھیں۔ قریب اٹھارہ فیصد کی عمریں پچاس اور ساٹھ برس کے درمیان جب کہ قریب سترہ فیصد خواتین کی عمریں بیس اور چالیس برس کے درمیان تھیں۔