1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'کورونا کے خوف سے تین ماہ تک ایئرپورٹ میں چھُپا رہا‘

19 جنوری 2021

امریکا کے شکاگو ایئرپورٹ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو تین ماہ تک ہوائی اڈے کے اندر چُھپا رہا۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کے خوف سے جہاز پر سفر کرنے سے گریز کر رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/3o6jr
USA Aditya Singh
تصویر: Cook County Sheriff's Office/Ap Photo/picture alliance

چھتیس سالہ بھارتی نژاد ادیتیہ سنگھ  کا تعلق ریاست کیلفورنیا سے ہے۔ انہیں پولیس نے ہفتے کو شکاگو کے اوہیئر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گرفتار کیا۔ ان پر ایک ممنوعہ علاقے میں غیر قانونی طورپر داخل ہونے اور وہا ں رہنے کا الزام ہے۔

پولیس کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کورونا سے خوف زدہ تھے اور گھر واپس سفر نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ان پر ایئرپورٹ سکیورٹی کے ایک اہلکار کا بیج چرانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ سکیورٹی پر سوالیہ نشان

کک کاؤنٹی کی جج سوزانا اورٹیز نے ادیتیہ سنگھ کو ایک ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کے بعد رہا کرنے کی اجازت دے دی تاہم سنگھ کو حکم دیا کہ وہ آئندہ سے ہوائی اڈے میں قدم نہ رکھے۔

جج نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ آخر کوئی شخص ایک سکیورٹی ایریا میں اتنے دنوں تک کیسے رہ سکتا ہے۔ سنگھ دس اکتوبر سن 2020 سے سولہ جنوری سن2021 تک ہوائی اڈے پر رہے اور اس کے بارے میں کسی کو پتہ ہی نہ چل سکا۔

جج نے مزید کہا، ”اس دوران جو کچھ بھی ہوا اورعدالت کو جو واقعات اور حقائق بتائے گئے ہیں وہ انتہائی حیران کن ہیں۔ ہوائی اڈہ ایک محفوظ جگہ ہے اور ایک شخص فرضی شناختی بیج کے ذریعہ اتنے دنوں تک وہاں موجود رہا۔ سفر کے لیے ہوائی اڈے کا پوری طرح محفوظ ہونا ضروری ہے۔‘‘

USA O'Hare International Airport Chicago
شکاگو کا اوہیئر بین الاقوامی ہوائی اڈہتصویر: Kiichiro Sato/AP Photo/picture alliance

شبہ کیسے ہوا؟

وکیل استغاثہ کیتھلین ہیگرٹی نے بتایا کہ یونائٹیڈ ایئرلائنز کے دو ملازمین کی نگاہ ادیتیہ سنگھ پر پڑی اور وہ انہیں کچھ مشکوک لگا۔ جب سنگھ سے ان کی شناخت معلوم کی گئی تو انہوں نے ایک بیج دکھایا، جواس ممنوعہ علاقے کے ایک آپریشن منیجر کا تھا۔ منیجر نے گزشتہ اکتوبر میں اپنا بیج کھوجانے کی شکایت درج کرائی تھی۔ ایئرلائن اسٹاف نے معاملے کی پولیس کو خبرکی جس کے بعد سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ ”کووڈ کی وجہ سے گھر جانے سے خوف زدہ تھا۔" اس نے مزید بتایا کہ اسے ایک سکیورٹی بیج پڑا ہوا ملا، جسے اس نے استعمال کرنا شروع کردیا۔ اس دوران وہ اتنے دنوں ہوائی اڈے پر مسافروں سے کھانا مانگ کر گزارا کرتا رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ادیتیہ سنگھ انیس اکتوبر کو ایک فلائٹ سے لاس اینجلس کے اوہیئر ہوائی اڈے آئے تھے۔

وکیل صفائی کورٹنی اسمال ووڈ کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ادیتیہ سنگھ شکاگو کیوں آئے۔

وہ بے روزگار ہیں اور ان کا کوئی مجرمانہ پس منظر بھی نہیں ہے۔ انہیں پیر کے روز ضمانت مل گئی۔

ج ا /ش ج (اے ایف پی، ای ایف ای)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں