کولمین دنیا کا تیز ترین انسان
29 ستمبر 2019ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا سب سے سنسنی خیز ڈسپلن ایک سو میٹر کی ریس ہوتا ہے۔ اس مقابلے کو جیتنے والا دنیا کا تیز ترین انسان خیال کیا جاتا ہے۔ ہفتہ 28 ستمبر کی شب امریکا کے تیئیس سالہ ایتھلیٹ کرسٹیان کولمین نے طلائی تمغہ جیتنے کے لیے ایک سو میٹر کا فاصلہ تقریباً پونے دس سیکنڈ (9.76) میں طے کیا۔ یہ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں کولمین کی پہلی کامیابی ہے۔
گولڈ میڈل جیتنے والے امریکی ایتھلیٹ کے ہم وطن اور ایک سو میٹر ریس کو دو مرتبہ جیتنے والے جسٹن گاٹلِن ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب میں ہونے والے مقابلوں میں دوسری پوزیشن پر رہے۔ انہوں نے کولمین سے صفر اعشاریہ تیرہ سیکنڈ (9.89) زیادہ وقت لیا۔
تیسری پوزیشن کینیڈا کے ایتھلیٹ اندرے ڈی گاسے کو ملی۔ وہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے امریکی ایتھلیٹ سے محض صفر اعشاریہ ایک سیکنڈ پیچھے تھے۔ انہیں کانسی کا تمغہ دیا گیا۔
یہ امر اہم ہے کہ یوسین بولٹ کے عدم موجودگی میں منعقد کیا جانے والا یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے۔ وہ سن 2017 میں لندن میں منعقدہ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ ریٹائرمنٹ سے قبل لندن میں اپنے آخری مقابلے میں یوسین بولٹ کانسی کا تمغہ جیت سکے تھے۔
ایتھلیٹکس کی عالمی چیمپیئن شپ میں خواتین کی دس ہزار میٹر کی ریس ہالینڈ کی سیفان حسن نے جیتی۔ لانگ جمپ کے مقابلے میں جمیکا کے ٹے جے گائل گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔ ڈیانے پرائس وہ پہلی خاتون امریکی ایتھلیٹ ہیں جو دوحہ چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت پائی ہیں۔
ایتھلیٹکس کی عالمی چیمپیئن شپ ہر دو برس بعد منعقد کی جاتی ہے۔ سترہویں چیمپیئن شپ کا میزبان شہر خلیجی ریاست قطر کا دارالحکومت دوحہ ہے۔ چیمپیئن شپ کے مختلف مقابلوں کا مقام خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہے۔ سن 2021 میں ایتھلیکٹس کی اٹھارویں عالمی چیمپیئن شپ امریکی ریاست اوریگن کے شہر یوجین میں منعقد کی جائے گی۔
ع ح / ا ب ا (ڈی پی اے)