کیا جان ابراہم ہالی ووڈ میں کام کریں گے؟
19 جولائی 2016بالی وُڈ کی پریانکا چوپڑا، دپیکا پاڈیکون، عرفان خان بین الاقوامی سینما میں کام کر رہے ہیں۔ تاہم 43 سالہ جان ابراہم کا کہنا ہے کہ وہ ایسی بھارتی فلمیں بنانا چاہتے ہیں جو بین الاقوامی معیار کی ہوں۔ انہوں نے بھارت کی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا،’’ مجھے سن 2006 سے ہالی وُڈ میں کام کرنے کی آفرز مل رہی ہیں لیکن میں ہالی وُڈ میں کام کرنے کی خواہش نہیں رکھتا بلکہ بھارت میں ہی رہتے ہوئے بین الاقوامی فلمیں بنانا چاہتا ہوں۔‘‘
فلم ’روکی ہینڈسم‘ کے سٹار جان ابراہم نے کہا کہ اگر انہیں ہالی وُڈ سے کوئی دلچسپ منصوبے پر کام کرنے کا کہا گیا تو وہ اس بارے میں سوچ سکتے ہیں۔
جان ابراہم نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سن 2003 سے کیا تھا اور وہ سایہ، پاپ، دوستانہ اور دھوم جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ جان ابراہم نے کہا کہ وہ روایتی اور غیر روایتی دونوں طرح کی فلموں میں کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
جان ابراہم کہتے ہیں، ’’کرن جوہر بھی کہتے ہیں کہ جان ابراہم کمرشل سینما کا ایک بڑا نام ہے لیکن اس نے غیر روایتی فلموں میں بھی بہترین کردار نبھائے ہیں۔‘‘ جان ابراہم کی فلم دھشوم 29 جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے۔