کینسر کا علاج جاری، لیکن کلثوم نواز الیکشن لڑیں گی
23 اگست 2017پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے بدھ تئیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق کلثوم نواز شریف گلے کے سرطان کی مریضہ ہیں، اس امر کی طبی تشخیص ابھی حال ہی میں ہوئی تھی۔
وہ ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے، جو وفاقی سطح پر حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کی سیاسی طاقت کا مرکز بھی ہے، قومی اسمبلی کی اس نشست پر اگلے ماہ ہونے والی ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار بھی ہیں، جو ان کے شوہر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سپریم کورٹ کی طرف سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہو گئی تھی۔
گاما پہلوان کی نواسی پارلیمانی نشست کے لیے لڑیں گی
نیب کی طرف سے طلبی، کیا نواز شریف کی ساکھ مزید خراب ہو گی؟
نواز شریف نے نظر ثانی اپیل دائر کر دی
اس حوالے سے پاکستانی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے آج بدھ کے روز ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ کلثوم نواز شریف کا اس وقت برطانوی دارالحکومت لندن کے ایک ہسپتال میں علاج جاری ہے اور ان کا پورا ارادہ ہے کہ وہ اگلے ماہ لاہور میں قومی اسمبلی کے انتخابی حلقے NA120 میں ہونے والے ضمنی الیکشن سے قبل واپس پاکستان پہنچ جائیں۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کے گلے میں سرطان کی تشخیص اس مرض کے ابتدائی مرحلے ہی میں ہوئی ہے اور کلثوم نواز شریف ایک ’بہادر خاتون‘ ہیں۔
کلثوم نواز شریف کے بارے میں ان کے شوہر کی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون نے اسی مہینے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ وفاقی پارلیمان کے ایوان زیریں کے حلقہ این اے 120 سے اپنے شوہر کی خالی کردہ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار ہوں گی۔
اسی دوران ایسوسی ایٹڈ پریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلثوم نواز شریف کی بیماری کی خبر ملنے پر ٹیلی فون کر کے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے بات چیت کی اور ان کی اہلیہ کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
اسی طرح وفاقی سطح پر پاکستان میں اپوزیشن کی ایک اہم سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے بھی کلثوم نواز شریف کی بیماری کی اطلاع ملنے پر ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ وہ کلثوم نواز شریف کے صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’’میری دلی خواہش اور دعا ہے کہ وہ (کلثوم نواز شریف) کینسر کے خلاف اپنی جنگ میں پوری طرح کامیاب رہیں۔‘‘