1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گاڈ فادر فلموں کے ہدایتکار کے لئے خصوصی ایوارڈ

15 نومبر 2010

امریکی شہر لاس اینجلیز میں آسکر ایوارڈ تقسیم کرنے والے ادارے نے ہالی وُڈ کی فلمی صنعت کے جن لیجنڈری فنکاروں اور ہدایتکاروں میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تقسیم کئے ہیں، ان میں گاڈ فادر سیریز کے ہدایتکار کاپولا بھی شامل ہیں

https://p.dw.com/p/Q8TZ
فرانسس فورڈ کاپولا: فائل فوٹوتصویر: 2008 Sony Pictures Releasing GmbH

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے معتبر ارونگ جی تھالبرگ میموریل ایوارڈ کے لئے ہالی وُڈ کے اکہتر سالہ پروڈیوسر اور ہدایتکار فرانسس فورڈ کاپولا کو منتخب کیا۔ عالمی فلمی منظر نامے پر کاپولا کو ان کی معرکتہ الآرا فلم سیریز گاڈ فادر کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی تھی۔

گاڈ فادر سیریز کی پہلی فلم گاڈ فادر (1972) اور گاڈ فادر پارٹ ٹو (1974) کو بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ دئے گئے تھے۔ تیسری گاڈ فادر فلم اسی کیٹیگری میں نامزد ضرور ہوئی لیکن وہ یہ ایوارڈ حاصل نہیں کر سکی تھی۔ اطالوی نژاد امریکی ہدایتکار نے اس فلم سیریز میں اطالوی منشیات فروشوں کے گروہ مافیا کے منظم جرائم اور اندرونی خلفشار کو فلم کے کینوس پر دکھایا تھا۔

Das neue Hollywood wird alt - Oscars 2007
کاپولا، انتہائی بائیں، ہالی وڈ کے تین دیگر بڑے ہدایتکاروں کے ہمراہتصویر: AP

گاڈ فادر تھری کے علاوہ ان کی دو اور فلموں کو بھی بہترین فلم کی کیٹیگری میں منتخب کیا گیا تھا۔ کاپولا (Francis Ford Coppola) کو سن 1970 میں پہلی بار ’’پیٹن‘‘ نامی فلم پر بہترین سکرین پلے لکھنے کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ یہ فلم امریکی فوجی کمانڈر جنرل پیٹن پر بنائی گئی تھی۔ ایوارڈز کی اس خصوصی تقریب میں لیجنڈری امریکی ہدایتکار کو ان کے ساتھیوں نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ کاپولا کا فلمی دنیا سے وابستگی کا دور چھ دہائیوں پر پھیلا ہوا ہے۔ ان کی بیٹی صوفیہ کاپولا اب اپنے باپ کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔ ان کی ایک فلم کو آسکر کا نامزدگی مل چکی ہے۔ وہ ایک اکیڈیمی ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔

لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب میں خصوصی اعزازی آسکر ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ اسی تقریب میں اسی سالہ فرانسیسی نژاد سوئس ہدایتکار ژاں لُک گوڈارڈ کو بھی خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ گوڈارڈ (Jean-Luc Godard) علالت کی وجہ سے یہ ایوارڈ وصول کرنے لاس اینجلیز نہیں جا سکے تھے۔ وہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کرنے والوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ اپنے بے شمار انٹرویوز میں اسی سالہ گوڈارڈ نے اسرائیلی حکومت اور ہالی وُڈ میں یہودی اثرات کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کو اس ایوارڈ کے لئے منتخب کرنے پر گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی اور اسرائیلی میڈیا میں مسلسل تنقیدی بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔

Sofia Coppola Venedig Filmfestspiele Flash-Galerie
فرانسس کاپولا کی بیٹی صوفیہ کاپولا وینس فلمی میلے کے موقع پرتصویر: AP

خصوصی ایوارڈز کی اس تقریب میں تہتر سالہ برطانوی فلمی مؤرخ اور فلمی ریکارڈ کو محفوظ کرنے والے کیون براؤن لو (Kevin Brownlow) کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پچانوے سالہ امریکی اداکار ایلی ویلش بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔ ان کی فلم ’’دی گُڈ، دی بیڈ، دی اَگلی‘‘ اپنی مثال نہیں رکھتی۔

امریکی فلمی صنعت میں لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈ کا آغاز اصل میں ایوارڈز کی تقریبات کی شروعات ہے۔ اس کا اختتام سن 2011 کے آسکر ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب پر ہو گا۔ آسکر ایوارڈز کی تقریب اگلے سال 27 فروری کو منعقد کی جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں