ہالی وُڈ ایوارڈ سیزن کا آغاز، ’سوشل نیٹ ورک‘ کی جیت
13 دسمبر 2010’سوشل نیٹ ورک‘ کے ڈائریکٹر ڈیوڈ فنچر کو بہترین ہدایت کارکا ایوارڈ ملا ہے، جبکہ فلم میں زوکربیرگ کا کردار نبھانے والے جیسی آئیسن بیرگ کو بہترین اداکار قرار دیا گیا ہے۔ آرون سورکن کو سکرین پلےکی ایک کیٹیگری میں ایوارڈ دیا گیا ہے۔ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک کیسے شروع کی گئی، اس فلم کی کہانی میں یہی بتایا گیا ہےکہ کس طرح اس خیال نے ایک کالج کے ہوسٹل میں جنم لیا اور یہ ویب سائٹ پہلے دس لاکھ صارفین تک پہنچی۔
نیشنل بورڈ آف ریویو نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لیزلی مانویلے کو دیا ہے، جنہوں نے ’این اَدر ایئر‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ یہ فلم ایک شادی شدہ جوڑے کی ایک سال کی زندگی کا حال بیان کرتی ہے۔ ’دی فائٹر‘ کے کرسچن بال کو معاون اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا ہے جبکہ ’اینیمل کنگڈم’ کی جیکی ویوَر بہترین اداکار قرار پائی ہیں۔
بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ ’ویٹنگ فار سپرمین‘کے حصے میں آیا ہے جبکہ غیرملکی فلم کا بہترین ایوارڈ فرانس کی ’آف گاڈ اینڈ مین‘کو دیا گیا ہے۔
نیشنل بورڈ آف ریویو ہالی وُڈ کا اہم گروپ ہے اور اس کی جانب سے دئے جانے والے ان اعزازت کو ہالی وُڈ کے ایوارڈ سیزن کی ابتداء قرار دیا جاتا ہے، جو آسکر ایوارڈ کے نامزدگیاں طےکرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ گروپ فلم پروفیشنل پر مشتمل ہے۔
نیشنل بورڈ آف ریویو کی بنیاد ایک سو سال سے بھی پہلے ایک غیرمنافع بخش تنظیم کے طور پر رکھی گئی تھی۔ اس کا مقصد فن اور انٹرٹینمٹ کے طور پر فلمی صنعت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ یہ گروپ ہر سال سب سے پہلے ایوارڈز کا اعلان کرتا ہے۔ یہ ٹاپ ٹین فلموں کا اعلان بھی کرتا ہے، جس کا اثر فروری میں ہونے والے آسکر ایوارڈ کی نامزدگیوں میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
اس مرتبہ اس کی ٹاپ ٹین فلموں میں ’این ادر ایئر‘، ’دی کنگز سپیچ‘، ونٹرز بون‘، ’ٹوائے سٹوری تھری‘، ’دی فائٹر‘، ’ہیئرآفٹر‘، ’انسیپشن‘، ’شٹرآئلینڈ‘، ’دی ٹاؤن‘ اور ’ٹرُو گرِٹ‘ شامل ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ