1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہزارہا قوم پسند ہندو ایودھیا میں جمع، شدید تناؤ

25 نومبر 2018

ہزارہا ہندو قوم پسند، مذہبی رہنما اور فعالیت پسند بھارتی شہر ایودھیا میں جمع ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ایودھیا کے ایک متنازعہ مذہبی مقام پر ایک ہندو مندر تعمیر کیا جائے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/38sFD
Hindus protestieren in Ayodhya, Indien
تصویر: Reuters/P. Kumar

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو لاکھ سے زائد ہندوؤں کے اس مقام پر جمع ہونے کی توقع ہے جہاں 1992ء میں شدت پسند ہندوؤں نے 16ویں صدی میں بنائی گئی بابری مسجد کو منہدم کر دیا تھا۔ اس کے بعد وہاں شروع ہونے والے مذہبی تشدد کے نتیجے میں دو ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سے اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ 1947ء میں برصغیر کی تقسیم کے بعد یہ بھارت میں بدترین مذہبی فسادات میں سے ایک تھے۔

بھارتی ریاست اُترپردیش کی پولیس کے ترجمان ویوِک تریپاٹھی کے بقول، ’’نو سو سے زائد اضافی پولیس اہلکاروں کے علاوہ پیرا ملٹری فورس اور ایلیٹ کمانڈوز کو بھی ایودھیا میں تعینات کیا گیا ہے۔‘‘ تریپاتھی کا مزید کہنا تھا، ’’ہم پورے شہر پر سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کی مدد نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘‘

بھارت میں مئی 2019ء میں شیڈول عام انتخابات کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس جماعت سے منسلک دیگر  قوم پرست جماعتوں کی طرف سے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ زیادہ تر ہندوؤں کا یقین ہے کہ ایودھیا ہندوؤں کے دیوتا رام کی جائے پیدائش ہے۔ بھارتی ہندو گروپوں کا استدلال رہا ہے کہ 1528ء میں ایودھیا میں بابری مسجد کی تعمیر سے قبل وہاں ایک مندر موجود تھا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی سے قریبی تعلق رکھنے والی ہندو قوم پرست جماعت  ویشوا ہندو پریشد کے ترجمان شرد شرما کے مطابق، ’’مسجد ہندوؤں کے لیے اہانت تھی اور یہ بات شرمناک ہے کہ ہم ہندوؤں کے لیے مقدس ترین مقامات میں سے ایک پر مندر بنانے میں ناکام رہے ہیں۔‘‘

شرما کے مطابق ہندو اب اہم ہوتے جا رہے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ عظیم رام مندر کی تعمیر کی جائے۔

Hindus protestieren in Ayodhya, Indien
ایودھیا میں جمع ہونے والے ہندو حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایودھیا میں ہندو مندر کی تعمیر کے لیے آئین میں ترمیم کی جائے۔تصویر: picture alliance/AP Photo/R. Kakade

ایودھیا سے بی جے پی کے منتخب رکن اسمبلی ببلو خان کے مطابق آج اتوار 25 نومبر کو ایودھیا میں جمع ہونے والے ہندو حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایودھیا میں ہندو مندر کی تعمیر کے لیے آئین میں ترمیم کی جائے۔

بھارت میں ہندو اور مسلمان دونوں کی طرف سے ملکی سپریم کورٹ میں یہ معاملہ اٹھا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے میں مدد کرے تاہم بھارت کی اس اعلیٰ ترین عدالت کی طرف سے اس حوالے سے مزید وقت لیا جا رہا ہے۔

ا ب ا / ع ا (روئٹرز)