ہم اسٹائل ایوارڈز کی رنگ و نور سے بھری تقریب
پاکستان میں فیشن اور اسٹائل کے لیے معروف ’ہم اسٹائل ایوارڈز‘ کی چوتھی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ ہم اسٹائل ایوارڈز 2020ء کی تفصیلات جانیے حسن کاظمی کی اس پکچر گیلری میں۔
فلموں کے اسٹائلش اداکار
آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر کو جیوری کی جانب سے فلموں کے سب سے اسٹائلش اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ ان کو بشریٰ انصاری نے پیش کیا۔ پاک فضائیہ پر بننے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ میں احد رضا میر کے کردار کو کافی پسند کیا گیا تھا۔
’میرے پاس تم ہو‘ کے شہوار
ہم اسٹائل ایوارڈز 2020ء کی تقریب کا آغاز معروف اداکار عدنان صدیقی نے بطور میزبان کیا۔ انہوں حاضرین کو کچھ سیاسی چٹکلے بھی سنائے۔ حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں عدنان صدیقی کے کردار کو شائقین نے بہت پسند کیا۔
علی حسن کی بہترین تصویر کشی
سن 2018 اور 2019ء کے لیے بہترین فیشن فوٹوگرافر کا ایوارڈ علی حسن کے نام رہا۔ انہیں یہ ایوارڈ منشاء پاشا اور علی ذیشان کی جانب سے پیش کیا گیا۔ منشاء پاشا کی حال ہی میں سماجی کارکن جبران ناصر کے ساتھ منگنی ہوئی ہے۔
آمنہ شیخ اور عثمان مختار
تقریب کے دوسرے میزبان آمنہ شیخ اور عثمان مختار تھے، آمنہ شیخ نے تو تقریب میں رنگ بھرے تاہم عثمان مختار کچھ پھیکے رہے۔
زارا نور عباس کا بہترین اور دلکش رقص
اس محفل کی رونق زارا نور عباس ثابت ہوئیں۔ انہوں نے اپنے ڈرامے ’دیوارِ شب‘ کے گانوں پر رقص پیش کیا۔ اس ڈرامے میں انہوں نے طوائف کا کردار ادا کیا تھا۔
سارہ لورین کی جانب سے ماضی کا سفر
اداکارہ سارہ لورین نے پاکستانی فلمی صنعت کے ماضی کے مقبول گیتوں پر دلچسپ رقص پیش کیا۔ انہوں نے اپنی اداؤں سےحاضرین کو پاکستانی فلمی صنعت کا سنہرا دور یاد دلا دیا۔
ابرار الحق کے بھنگڑا نمبرز
ہم اسٹائل ایوارڈز کی شام میں جان ابرار الحق کی اپنے مشہور ترین گانوں پر پرفارمنس رہی، جس سے محفل میں جان پڑ گئی۔
عروہ اور فرحان کا رنگ برنگا انداز
عروہ اور فرحان نے رنگا رنگ انداز اپنا کے پہلے سولو پھر ایک ساتھ رقص پیش کیا۔ تاہم زارا نور عباس کی شاندار پرفارمنس کے بعد آنے کی وجہ سے ان کی پرفارمنس کا مزا کچھ پھیکا پڑ گیا۔ عروہ نے نوری اور فرحان نے دھڑک بھڑک پر ڈانس پرفارمنس پیش کی۔
ڈراموں کی دلکش اداکارہ، سونیا حسین
گزشتہ دو سالوں کے دوران ڈراموں کے شعبے میں سب سے زیادہ دلکش اور پرکشش اداکارہ کا اعزاز سونیا حسین کے نام رہا۔
ریما کا لازوال حسن
‘Timeless Beauty Award’ یعنی جس کے حسن کو زوال نہیں۔ ریما خان کو اس کیٹیگری کے لیے ’لازوال حسن‘ کے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ گزشتہ برس یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی زیبا بختیار نے ریما کو یہ ایوارڈ دیا۔
اسٹائل آئیکون عائشہ عمر
اس مرتبہ سب سے دلکش انداز کا ایوارڈ عائشہ عمر کے نام رہا۔ عائشہ عمر کی 2020ء میں دو فلمیں بھی ریلیز ہو رہی ہے۔
بہترین ماڈل ایمل خان
بہترین ماڈل کی کیٹگری میں مردوں کے بہترین ماڈل کا ایوارڈ ایمل خان کے نام رہا۔ انہیں یہ ایوارڈ معروف ماڈل نادیہ حسین اور فوزیہ امان کی جانب سے پیش کیا گیا۔
پاکستانی ریپرز کا بینڈ ’ینگ اسٹنرز‘
ہم اسٹائل ایوارڈ کے شو کا آغاز مقبول ریپر بینڈ ’ینگ اسٹنرز‘ نے کیا جنہوں نے ریپ پرفارمنس کے دوران کئی پر مغز چٹکلے چھوڑے۔
چوتھے ہم اسٹائل ایوارڈز
ہم اسٹائل ایوارڈز کی یہ تقریب ایک برس کی تاخیر سے کی گئی تھی، جس کی وجہ سے اس بار 2018ء اور 2019ء کے لیے ایوارڈز دیے گئے۔ ہم اسٹائل ایوارڈز کا اسٹیج عمدہ لائٹنگ اور بڑی اسکرینز سے سجایا گیا تھا، جو کہ میوزک اور موقع کی مناسبت سے اپنا رنگ بھی تبدیل کررہا تھا۔