پیسے ادا کر کے بھی ٹرمپ پھنستے جا رہے ہیں
25 مارچ 2018سٹورمی ڈینیئلز کا یہ انٹرویو ’سی بی ایس‘ پر عالمی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے ’سکسٹی منٹس‘ نامی پروگرام میں نشر کیا جائے گا۔ سی بی ایس نے اپنی روایت کے برخلاف ڈینیئلز کے انٹرویو کے حصے پہلے سے جاری نہیں کیے ہیں۔
ڈینیئلز اس سے قبل بھی ٹرمپ کے ساتھ اپنے مبینہ جنسی روابط کے بارے میں بات کر چکی ہیں۔ اس میں ان کی وہ ٹویٹ بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے لکھا، ’’تکنیکی لحاظ سے بات کی جائے تو میں بارہ سال قبل ’POTUS ‘ کے ساتھ نہیں سوئی تھی۔ کوئی جنسی رابطہ نہیں ہوا تھا (ہا ہا) اور وہ صرف ایک احمق سا ریئیلیٹی ٹو وی اسٹار تھا۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن، راز افشا نہ کرنے کے ایک معاہدے کے تحت ڈینیئلز کو ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر ادا کر چکے ہیں۔ یہ رقم فحش فلموں کی اس اداکارہ کو 2016ء میں امریکی صدارتی انتخابات سے کچھ عرصہ قبل ہی دی گئی تھی۔ ڈینیئلز کے وکیل مائیکل ایونتی کے جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی ایک دستاویز کے مطابق ان کی مؤکلہ اور ٹرمپ کے مابین جنسی روابط 2006ء کے موسم گرما میں شروع ہوئے تھے اور 2007ء تک جاری رہے۔
سابقہ جنسی زندگی، ٹرمپ کے لیے نئی پریشانی
کردارکشی کی یہ ایک بین الاقوامی مہم ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
پورن اسٹار نے ٹرمپ کے ساتھ معاہدے کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا
ٹرمپ کے وکیل کوہن کا یہ دعوٰی ہے کہ ڈینیئلز راز افشاء نہ کرنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہیں اور انہیں بیس ملین ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنا چاہیے۔ وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ اور ڈینیئلز کے مابین کسی بھی قسم کے جنسی رابطے کو مسترد کیا ہے۔ تاہم دوسری جانب ڈینیئلز نے کہا ہے کہ وہ ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر واپس کرنے کو تیار ہیں تاکہ وہ امریکی صدر کے ساتھ اپنے تعلقات اور انہیں خاموش کرانے کی کوششوں کے بارے میں آزادی سے بات کر سکیں۔
اس سے قبل پلے بوائے میگزین کی ماڈل کیرن میکڈوگل بھی سی این ین کو بتا چکی ہیں کہ کس طرح ٹرمپ نے سیکس کرنے کے بعد انہیں پیسے دینے کی کوشش کی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب ٹرمپ ڈینیئلز کے ساتھ بھی رابطوں میں تھے۔