یورپ میں سیاسی پناہ کا حصول ناممکن بنانے کی آسٹرین تجویز
15 جولائی 2018مہاجرین کے لیے سیاسی پناہ کا حصول عملی طور پر ناممکن بنا دینے کی ویانا حکومت کی تجویز پر خود آسٹریا ہی کے صدر نے شدید تنقید کی ہے۔ آج پندرہ جولائی بروز اتوار ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والے انٹرویو میں صدر الیگزانڈر فان ڈیئر بیلین کا کہنا تھا، ’’جو بھی ہمارے ملک میں آئے اور سیاسی پناہ کے حصول کی خاطر درخواست دینا چاہے، اسے یہ حق دیا جانا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جنیوا کنوینشن کے تحت تعاقب اور ظلم کے شکار افراد کا یہ حق ہے کہ وہ سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرا سکیں۔
آسٹریا میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد کی حکومت ہے اور موجودہ ششماہی کے لیے یورپی یونین کی صدارت بھی اسی یورپی ملک کو سونپی جا چکی ہے۔ اسی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریا میں برسراقتدار مہاجر مخالف جماعتیں یورپ میں اپنی ہم خیال دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مہاجرت اور سیاسی پناہ کے بارے میں اپنے تیار کردہ سخت ترین لیکن متنازعہ ضوابط یورپی یونین کی سطح پر متعارف کرنے کی کوششوں میں ہیں۔
آسٹریا کے صدر بیلین نے یہ اعتراف کیا کہ غیر قانونی مہاجرت ایک بڑا مسئلہ ہے تاہم ان کے مطابق، ’’اس وقت سیاسی پناہ کی تلاش میں یورپ کا رخ کرنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے۔ صورت حال قابو میں ہے۔‘‘
گزشتہ ماہ برسلز میں ہونے والی یورپی یونین کے سربراہان کی سمٹ میں یورپی یونین کی حدود سے باہر تارکین وطن کے لیے خصوصی مراکز کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا۔ صدر بیلین نے شمالی افریقی ممالک میں ان مجوزہ مراکز کے بارے میں کہا کہ اس منصوبے میں بھی کئی باتوں کی وضاحت موجود نہیں ہے۔ ’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ کسی ملک نے ایسے مراکز کی میزبانی کی حامی نہیں بھری۔ یقینی طور پر ہمیں اصل توجہ اس بات دینی چاہیے کہ لوگ ہجرت پر مجبور کن وجوہات کی بنا پر ہو رہے ہیں۔‘‘
آسٹریا کے وزیر داخلہ ہیربرٹ کیکل اور وزیر دفاع ماریو کوناسیک نے تجویز پیش کی تھی کہ آسٹرین افواج یورپ کی بیرونی سرحدوں کے نگران یورپی ادارے فرنٹیکس کے شمالی افریقی ممالک میں جاری مشن میں شمولیت اختیار کریں۔ تاہم ملکی صدر کی رائے میں آسٹریا کی مسلح افواج اس مشن میں شمولیت کی اہلیت نہیں رکھتیں۔
بحیرہ روم میں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے سرگرم امدادی تنظیموں کی امدادی سرگرمیوں کو ’مجرمانہ فعل‘ قرار دینے جانے کی کوششوں کے بارے میں صدر بیلین نے کہا، ’’دریائے ڈینوب میں ڈوبنے والے بچے کو بچانے والے کا استقبال ہم ایک زندگی بچانے پچانے والے ہیرو کی طرح کرتے ہیں، لیکن وہی شخص جب بحیرہ روم میں ایک بچے کو ڈوبنے سے بچاتا ہے تو اسے مجرم قرار دے کے عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘
آسٹرین صدر الیگزانڈر فان ڈیئر بیلین کا تعلق گرین پارٹی سے ہے اور وہ سن 2016 میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے امیدوار نوربیرٹ ہوفر کو شکست دے کر صدر بنے تھے۔
ش ح/ ع ت (اے ایف پی)