یورپ میں پناہ کے قوانین کی ڈیٹا بیس
18 اگست 2017ای ڈی اے ایل کی ویب سائٹ پر یورپی یونین کے رکن ممالک اور سوئٹزر لینڈ کی عدالتوں کے ان فیصلوں کے خلاصے رکھے گئے ہیں جو کہ سیاسی پناہ کے حصول کے لیے درج مقدمات پر سنائے گئے۔
’مہاجرین وطن ضرور جائیں، لیکن چھٹیاں گزارنے نہیں‘
اٹلی میں مہاجرین کی آمد کم کیسے ہوئی؟ ماہرین پریشان
یہ ویب سائٹ یورپی کونسل برائے مہاجرین و مہاجرت (ای سی آر ای) نے تیار کی ہے۔ برسلز میں قائم اس ادارے کی ترجمان آمینڈا ٹیلر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اس ڈیٹا بیس میں انسانی حقوق کی یورپی عدالت، یورپی عدالت انصاف سمیت بیس یورپی ممالک کی عدالتوں میں سیاسی پناہ سے متعلق سنائے گئے اہم فیصلوں کے خلاصے جمع کیے گئے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی رپورٹر مانسی گوپالا کرشنا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیلر کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کی ڈیٹا بیس تیار کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ یورپ میں پناہ کے متلاشی افراد اور پناہ سے متعلق کیس لڑنے والے وکلا ان فیصلوں کے تناظر میں اپنے مقدمات کی پیروی کر سکیں۔
ٹیلر کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک میں پناہ کے مقدمات کے بارے میں جاری کیے گئے ان فیصلوں کو یکجا کرنے سے اس موضوع پر تحقیق کرنے والے افراد کو بھی فائدہ ہو گا۔
یورپی ممالک میں پناہ کے متلاشی افراد اس ویب سائٹ کی مدد سے یورپی ممالک میں سیاسی پناہ سے متعلق قوانین سے واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔ عام صارفین کی آسانی کے لیے ویب سائٹ پر جمع کیے گئے خلاصوں میں عام فہم زبان استعمال کی گئی ہے۔ اس خاتون ترجمان کا کہنا تھا، ’’ہر مقدمے کے فیصلے کے ساتھ آسان اصطلاحات استعمال کرتے ہوئے خلاصہ درج کیا گیا ہے کہ عدالت نے فیصلہ کن وجوہات کی بنا پر جاری کیا اور اس مقدمے کے اہم ترین نکات کیا تھے۔‘‘
اس ویب سائٹ پر جمع کیے گئے یورپی ممالک کی عدالتوں کے فیصلے انگریزی زبان میں بھی دستیاب ہیں اور متعلقہ ملک کی زبان میں بھی مفصل فیصلہ موجود ہوتا ہے۔ ٹیلر کا کہنا ہے کہ ڈیٹا بیس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ای ڈی اے ایل پر فی الوقت بیس یورپی ممالک کی عدالتوں کے فیصلے جمع کیے گئے ہیں اور ان میں اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔
ای ڈی اے ایل کی ویب سائٹ وزٹ کرنے کے لیےیہاں کلک کیجیے۔