یوکرائن: بین الاقوامی دفاعی میلے میں پاکستانی ہتھیاروں کی نمائش
اسلحے اور سکیورٹی کی چودہویں بین لاقوامی نمائش یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں جاری ہے۔ اس نمائش میں شرکت کے لیے اسلحے کے تاجر دنیا بھر سے جمع ہوئے ہیں۔
اس نمائش میں جنگ میں استعمال کیے جانے والے ساز و سامان، زمینی فورسز کے لیے رابطے کے آلات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے اسلحہ اور سرحدی حفاظت کے استعمال کی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔
نمائش کی افتتاحی تقریب میں یوکرائن کے وزیر دفاع کے ہمراہ پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر بھی موجود تھے۔
پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے یوکرائن کے قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے پہلے ڈپٹی سکریٹری اولید گلاڈوفسکی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں رانا تنویر نے کہا کہ گزشتہ بیس سال کے عرصے میں پاکستان اور یوکرائن کی دفاعی صنعت کے درمیان تعلقات میں بہتری ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک میں دفاعی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے وزیر برائے دفاعی پیداوار کے وفد میں پاکستانی دفاعی برآمدات کے فروغ کی تنظیم ’پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن اور ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے اراکین بھی شامل تھے۔
بین الاقوامی اسلحے اور سکیورٹی کی اس نمائش کے موقع پر یوکرائن میں پاکستان کے سفیر میجر جنرل (ر) اطہر عباس نے وزیرِ برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر اور ان کے وفد کے ہمراہ پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔
ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا نے الخالد ٹینک، ڈریگن فور ایکس فور بکتر بند اور دیگر بلٹ پروف گاڑیوں کے ماڈل نمائش میں پیش کیے۔
سنائپر بندوقیں، رائفلیں، پسٹل اور دیگر اسی قسم کی چھوٹے ہتھیار شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے۔