1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتروس

یوکرین میں امریکی پیٹریاٹ میزائل نظام تباہ کر دیں گے، روس

25 دسمبر 2022

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ انہیں ’سو فیصد‘ یقین ہے کہ ان کی افواج یوکرین میں امریکہ کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیں گی۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب روس کو ’توڑنا‘چاہتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4LQ73
روسی صدر نے یورپی ممالک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے
روسی صدر نے یورپی ممالک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہےتصویر: Russian Presidential Press Office/AP Photo/picture alliance

اتوار کو قومی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے انٹرویو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ ان کی افواج امریکہ کے جدید ترین میزائل دفاعی نظام کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ابھی چند روز پہلے ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے پیٹریاٹ دفاعی میزائل نظام یوکرین بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔

مغرب روس کو 'توڑنا‘ چاہتا ہے

روسی صدر نے یورپی ممالک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب کی کوشش ہے کہ روس بلکہ ''تاریخی روس کو متعدد حصوں میں تقسیم‘‘ کر دیا جائے۔ صدر پوٹن کا کہنا تھا، ''انہوں نے ہمیشہ تقسیم اور فتح کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہمارا مقصد دوسرا ہے، ہمارا مقصد روسی لوگوں کو متحد کرنا ہے‘‘۔

صدر پوٹن نے ''تاریخی روس‘‘ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے یہ دلیل دینے کی کوشش کی ہے کہ یوکرینی اور روسی ایک ہی قوم ہیں۔  ان کا کہنا تھا، ''ہم درست سمت میں کام کر رہے ہیں، ہم اپنے قومی مفادات، اپنے شہریوں اور اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں‘‘۔

روسی صدر نے ایک مرتبہ پھر یہ دعویٰ دہرایا کہ ماسکو تنازعے کا ایک قابل قبول حل تلاش کرنے کے لیے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے اور روس اس تنازعے کو ختم کرنے کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ ان (یوکرین) کا تھا، ہمارا نہیں۔

چین اور روس میں قربت

دوسری جانب یوکرین جنگ کی وجہ سے چین اور روس کے مابین قربت پیدا ہو رہی ہے اور اس کا اندازہ چینی وزیر خارجہ کے اس بیان سے بھی ہوتا ہے، جو انہوں نے اتوار کے روز دیا ہے۔ یورپی ماہرین ماضی میں متعدد مرتبہ ایسے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں کہ چین اور روس کے خلاف بیک وقت امریکی پابندیاں ان دونوں ممالک کو قریب لا سکتی ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے یوکرین جنگ کے حوالے سے آج ملکی موقف کا دفاع کرتے ہوئے آنے والے سال میں روس کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا بنانے کا عندیہ دیا ہے۔ وانگ نے کہا کہ چین روس کے ساتھ ''اسٹریٹیجک باہمی اعتماد اور دو طرفہ باہمی تعاون‘‘ کو مزید مضبوط بنائے گا۔

 چینی دارالحکومت میں ویڈیو کے ذریعے بات کرتے ہوئے وانگ نے دنیا کی دو بڑی معیشتوں یعنی چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بگاڑ کا ذمہ دار بھی واشنگٹن حکومت کو ٹھہرایا ہے۔

ا ا / ر ب ( اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)