یہ ملازمت صرف عیسائیوں کے لیے ہے، فوج نے اشتہار واپس لے لیا
4 جولائی 2019نیوز ایجنسی کے این اے کے مطابق پاکستان کے کیتھولک مسیحوں نے شائع ہونے والے اس اشتہار پر 'افسوس‘ کا اظہار کیا ہے۔ اس نیوز ایجنسی کے مطابق مسیحی کمیونٹی کے ساتھ 'امتیازی سلوک‘ کے ایسے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔ پاکستان میں نالیاں صاف کرنے، کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سڑکوں کی صفائی کرنے کی ملازمتیں زیادہ تر اقلیتوں کو ہی دی جاتی ہیں۔ متعدد مرتبہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ مقامی انتظامیہ ایسے اشتہارات میں خاص طور پر لکھتی ہے کہ یہ ملازمتیں صرف 'غیرمسلموں‘ کے لیے ہیں۔
نیوز ایجنسی کے این اے نے 'ورلڈ واچ مانیٹر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان میں نالیاں اور گٹر صاف کرنے والے اسی فیصد عملے کا تعلق غیر مسلم اقلیتی برادری سے ہے۔ پاکستان کے مسیحی حلقے الزام عائد کرتے ہیں کہ انہیں صرف صفائی سے متعلقہ ملازمتیں ہی فراہم کی جاتی ہیں۔ لیکن حکومتی حلقے اس کی تردید کرتے ہیں۔
پاکستانی حکومت کے مطابق مسیحی برادری اور دیگر اقلیتوں کے لیے ملک کے تمام شعبوں کے دروازے کھلے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فوج سے لے کر دیگر تمام بڑے اداروں میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افسران بھی موجود ہیں۔
ا ا / ع ح (کے این اے)