اسپین میں چوروں سے برآمد شُدہ نوادرات کی فہرست جاری
21 مارچ 2011ہسپانوی پولیس کی جانب سے مختلف مواقع پر مارے گئے چھاپوں کے بعد برآمد کیے گئے آرٹ کے اِن نمونوں میں مایہ ناز ہسپانوی مصور پبلو پکاسو کے تخلیق کردہ شاہکار، مجسمے، آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والی بعض نادر و نایاب اشیاء، گھڑیاں، میڈلز اور سکے بھی شامل ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست کے مطابق برآمد کیے گئے آرٹ کے ان نمونوں میں پکاسو کی 1933ء میں’ Cardinal Sins‘ کے عنوان سے بنائی گئی چھ معروف پینٹنگز بھی شامل ہیں۔ اِس عنوان کے ساتھ بنائی گئی اور سلور فریمز سے مزین ان تصاویر میں ’حسد‘ اور ’لالچ‘ کے عنوان سے بنائی گئی تصاویر بھی شامل ہیں۔
برآمد کی گئی اَشیاء میں شامل مجسمہ پولیس کے اندازے کے مطابق دو ہزار سال قبل وسطی اٹلی کے ایک قدیم ملک ایٹروریا کے زمانے میں تخلیق ہوا تھا۔ اِس مجسمے کے علاوہ سونے، ہیرے اور زمرد سے بنے زیور بھی پولیس کی جاری کی گئی اِس فہرست میں شامل ہیں۔
برآمد ہونے والی دیگر اشیاء کی فہرست میں رومن بادشاہ Lucius Septimius کے زمانے میں رائج سکے اور 17 ویں صدی میں بُنا گیا ایک نقش دار پردہ بھی شامل ہے، جس پر 334 قبل مسیح میں سکندر اعظم اور ایک قدیم ایرانی بادشاہ کے درمیان لڑی جانے والی جنگ کی منظر کشی کی گئی ہے۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: امجد علی