1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان الیکشن ’غیرملکی تسلط کا جواز‘ ڈھونڈنے کی سازش، طالبان

8 اکتوبر 2018

طالبان نے دھمکی دی ہے کہ وہ افغانستان میں رواں ماہ کی 20 تاریخ کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو رکوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ہر اُس شخص کو نشانہ بنائیں گے جو ان انتخابات کو کامیاب بنانے کی کوشش کرے گا۔

https://p.dw.com/p/369WW
Afghanistan - Taliban Kämpfer
تصویر: Getty Images/AFP/N. Shirzada

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق افغان طالبان کی طرف سے آج پیر آٹھ اکتوبر کو جاری کردہ ایک بیان میں اس ملک میں رواں ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو ایک ایسی امریکی سازش قرار دیا گیا جس کا مقصد مبینہ طور پر غیر ملکی تسلط کو برقرار رکھنے کا جواز تلاش کرنا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر اُس شخص کو نشانہ بنایا جائے گا جو ان انتخابات کو کامیاب بنانے کی کوشش کرے گا، خاص طور پر افغان سکیورٹی فورسز کو۔

قبل ازیں غیر جانبدار افغان الیکشن کمیشن (IEC) کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ 20 اکتوبر کو انتخابات کے روز ملک بھر میں قائم 5,100 پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملکی فورسز کے کم از کم 54 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

Afghanistan Anschlag Autobombe in der Provinz Nangahar
گزشتہ ہفتے افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں ایک انتخابی ریلی پر داعش کی طرف سے کیے جانے والے ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Anwar Danishyar

ڈی پی اے کے مطابق طالبان نے اپنے طور پر ان انتخابات کو نہ صرف اسلامی قوانین کے خلاف بلکہ افغان قومی مفادات سے بھی متصادم قرار دیا ہے۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران افغانستان بھر میں پارلیمانی انتخابات کے کم از کم آٹھ امیدواروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ ہفتے افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں ایک انتخابی ریلی پر داعش کی طرف سے کیے جانے والے ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کابل سے تعلق رکھنے والے ایک سیاسی تجزیہ کار احمد سعیدی کے مطابق انتخابات طالبان کے بنیادی نظریے کے خلاف ہیں، جو انتخابات کے بجائے حاکمیت پر مبنی ہے۔ سعیدی کے بقول، ’’صرف یہی ایک وجہ ہے کہ طالبان انتخابات کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

تاہم سعیدی کے مطابق طالبان اس بات کا کوئی قانونی حق نہیں رکھتے کہ وہ افغانستان پر حکمرانی کریں کیونکہ وہ جرائم کے مرتکب ہو چکے ہیں۔

افغانستان میں انتخابات کی تیاریاں

ا ب ا / م م (ڈی پی اے)