الیاس کشمیری کی ہلاکت، متضاد خبریں
7 جون 2011دو روز قبل پاکستان کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے شمالی مغربی علاقے میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں القاعدہ کا رہنما الیاس کشمیری ہلاک ہو گیا ہے۔ پاکستان کے وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے بھی کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سو فیصد یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ کشمیری کی ان حملوں میں موت ہو گئی ہے۔ تاہم امریکی حکّام کا کہنا ہے کہ وہ کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کر سکتے ہیں۔
اب پیر کی شام امریکی حکّام کا تازہ بیان سامنے آیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ الیاس کشمیری ہلاک نہیں ہوا۔ امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا: ’یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ کشمیری کی ہلاکت کی خبر غلط نکلی ہو۔ ہم اس کی موت کی تصدیق نہیں کر سکتے۔ ہمارا خیال ہے کہ وہ اب بھی زندہ ہے۔‘
ایک دوسرے امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان زیادہ ہے کہ کشمیری اب بھی زندہ ہے تاہم اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ شاید وہ امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ہو۔
ان امریکی عہدیداروں نے روئٹرز سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات چیت کی۔
پاکستانی اور امریکی حکّام کے ان متضاد بیانات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان اب بھی پایا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں ہلاکت کے بعد سے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ الیاس کشمیری کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی خبر سن دو ہزار نو میں بھی سامنے آ چکی ہے۔ یہ خبر بعد ازاں غلط ثابت ہوئی۔
الیاس کشمیری القاعدہ سے منسلک حرکت الجہادِ اسلامی کے سربراہ کی حیثیت سے بھارت کے لیے بھی انتہائی مطلوب شخص سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ