1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

امریکہ: پولیس کے ہاتھوں نہتے سیام فام کی ہلاکت پر غم و غصہ

4 جولائی 2022

اوہائیو کی پولیس ٹیم نے جس نہتے سیاہ فام شخص کو متعدد بار فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا، اس کا ویڈیو جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پولیس کے خیال میں اس شخص نے پہلے ایک گولی چلائی اور دوبارہ فائرنگ کی تیاری کر رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/4DbX7
USA I  Tod eines Schwarzen durch Polizeischüsse in Akron Ohio
تصویر: Gaelen Morse/REUTERS

امریکی ریاست اوہائیو میں حکام نے اتوار کے روز جو ویڈیوز جاری کی ہیں، اس میں دکھایا گیا ہے کہ اس فائرنگ کے واقعے میں آٹھ پولیس اہلکار ملوث ہیں، جس میں چند روز قبل شہر اکرون میں ایک غیر مسلح سیاہ فام شخص کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اکرون کے محکمہ پولیس نے اس حوالے سے متعدد ویڈیو کلپ جاری کی ہیں۔ اس میں 25 سالہ سیاہ فام جے لینڈ واکر کا تعاقب کرنے اور ہلاک کرنے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو اس بات کا خیال ہے کہ جے لینڈ واکر نے پہلے اپنی گاڑی سے ان پر ایک گولی چلائی تھی اور انہیں خدشہ تھا کہ وہ دوبارہ فائرنگ کی تیاری کر رہا ہے۔ 

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ فائرنگ میں ملوث اہلکاروں نے کتنی بار واکر پرگولیاں چلائیں، تاہم پولیس سربراہ اسٹیو مائیلیٹ نے بتایا کہ طبی معائنہ کاروں کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ''مسٹر واکر کے جسم پر 60 سے زیادہ زخم پائے گئے ہیں۔''

ویڈیوز کے بعد احتجاجی مظاہرے

ویڈیو جاری ہونے کے بعد مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے اکرون میں مارچ شروع کیا اور شہر کے مرکز میں محکمہ انصاف کے سامنے جمع ہوئے۔ شہری حقوق کی تنظیم 'نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپلز' کے صدر ڈیرک جانسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واکر کی موت، ''بہت قریب سے فائرنگ کے ذریعے کیا گیا ایک قتل ہے۔''

شہر کے میئر نے کمیونٹی سے امن اور صبر کی اپیل کرتے ہوئے فائرنگ کو ''دل دہلا دینے والا'' قرار دیا۔

USA I  Tod eines Schwarzen durch Polizeischüsse in Akron Ohio
تصویر: Gaelen Morse/REUTERS

ویڈیوز میں کیا ہے؟

پولیس نے اتوار کے روز ایک نیوز کانفرنس میں متعدد ویڈیوز دکھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک ویڈیو میں واکر کی طرف سے اپنی کار سے چلائی جانے والی گولی بھی دکھائی دے رہی ہے۔

واقعہ یوں ہے کہ واکر نے ٹریفک کی ایک معمولی سی خلاف ورزی کی تھی اور اس پر پولیس اہلکاروں نے ان کی سرزنش کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنی کار میں فرار ہو گئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس پر پولیس نے ان کا تعاقب کیا اور کئی منٹ تک پیچھا کرنے کے بعد بالآخر واکر نے اپنی گاڑی سے چھلانگ لگائی اوربھاگنے کی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ پولیس افسران کی طرف اپنا رخ کر رہے تھے، جن کا اس وقت خیال یہ تھا کہ وہ مسلح ہیں۔ تاہم وہ اس وقت نہتے تھے اور بعد میں ان کی گاڑی سے ایک بندوق برآمد ہوئی۔

واکر کے اہل خانہ کے وکیل کا رد عمل

جے لینڈ واکر کی فیملی کے وکیل بوبی ڈیسیلو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ پولیس کے اس الزام کے بارے میں ''کافی فکر مند'' ہیں کہ واکر نے اپنی کار سے پولیس پر فائرنگ کی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کی اس پرتشدد موت کا کوئی بھی جواز نہیں ہے۔

ڈیسیلو نے کہا، ''وہ اسے بندوق کے ساتھ ایک نقاب پوش عفریت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ جب وہ بھاگ رہا تھا، تو معقول کیا ہے؟ اسے گولی مارنا؟ نہیں، یہ تو معقول نہیں ہے۔''

ڈی سیلو نے عوام پر زور دیا کہ وہ واکر کے قتل کے خلاف اپنے احتجاج میں پرامن رہیں، اور یہ کہ واکر کے خاندان کی خواہش تھی کہ وہ مزید تشدد سے بچیں۔

ریاست اوہائیو کی تفتیشی ایجنسی 'بیورو آف کریمنل انویسٹی گیشن' واکر کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ہلاکتیں پولیس کی بربریت اور نسلی ناانصافی کی عکاس

امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں سیاہ فام مردوں اور خواتین کی ہلاکت کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں بلکہ برسوں سے جاری اس سلسلے کا ایک تازہ ترین واقعہ ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ سن 2020 میں منی ایپلس میں جارج فلوئیڈ کے قتل سمیت یہ تمام واقعات نہ صرف نسل پرست پر مبنی ہیں بلکہ بلا جواز بھی ہیں۔

جارج فلوئیڈ کے واقعے نے پولیس کی بربریت اور نسلی ناانصافی کے خلاف عالمی مظاہروں کو بری طرح سے بھڑکا دیا تھا۔

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید