1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باسکٹ بال کی بھارتی خاتون کھلاڑی تاریخی کامیابی کے قریب تر

23 اپریل 2011

بھارت میں باسکٹ بال کا کھیل اپنی بین الاقوامی کامیابی کے سفرمیں اسی مہینے اس وقت ایک اہم مرحلہ طےکر لے گا جب معروف بھارتی خاتون کھلاڑی گیتُو آنا خوسے امریکہ میں پروفیشنل باسکٹ بال لیگ کھیلنےکے لیے ٹرائلز میں حصہ لیں گی۔

https://p.dw.com/p/112tG
انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن کا لوگو

گیتُو آنا خوسے کی عمر اس وقت 25 برس ہے اور ان کا امریکہ میں ایک پیشہ ور کھلاڑی کے طور پر کسی اہم ٹیم کے لیے کھیلنے کے سلسلے میں ٹرائلز میں حصہ لینا بذات خود اس لیے ایک تاریخ ساز مرحلہ ہو گا کہ ان سے پہلے کم از کم بھارت سے کبھی کسی خاتون نے ایسے ٹرائلز میں حصہ نہیں لیا۔

گیتُو خوسے کو امریکہ میں ویمن نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کرائے جانے والے سالانہ چیمپئن شپ مقابلوں میں حصہ لینے والی جن ٹیموں میں اپنی ممکنہ شمولیت کے لیے ٹرائلز دینا ہیں، ان میں شکاگو اسکائی، لاس اینجلس اسپارکس اور سینٹ انٹونیو سلور اسٹارز شامل ہیں۔

Basketball WM 2010 USA gegen Tschechien Flash-Galerie
گزشتہ برس خواتین کی عالمی باسکٹ بال چیمپئن شپ جیتنے والی امریکی ٹیمتصویر: picture-alliance/dpa

اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ بھارت میں باسکٹ بال کی اس سب سے مشہور اسٹار کھلاڑی کو یہ تینوں ٹرائلز محض آٹھ دنوں کے وقفے کے اندر اندر دینا ہیں اور اگر انہیں ان تینوں میں سے کسی ایک بھی ٹیم میں منتخب کر لیا گیا، تو یہ پیشرفت بھارت میں باسکٹ بال کے کھیل کے لیے ایک تاریخ ساز موڑ ثابت ہو گی۔

گیتُو آنا خوسے کا تعلق جنوبی بھارت کی ریاست کیرالہ سے ہے۔ ان کا قد چھ فٹ دو انچ یا 188 سینٹی میٹر ہے۔ انہیں اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ ان ٹرائلز کے دوران ان سے وابستہ توقعات بھی بہت زیادہ ہوں گی۔

Basketball, Olympia-Qualifikation Deutschland gegen Puerto Rico, Dirk Nowitzki, Carmelo Lee
جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈِرک نووٹسکی، بائیں، امریکہ میں مردوں کی نیشنل باسکٹ بال لیگ کے بڑے ہیروز میں شمار ہوتے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

ان کا کہنا ہے کہ وہ جانتی ہیں کہ انہیں ان ٹرائلز کے دوران بہت زیادہ دباؤ کا سامنا بھی ہو گا تاہم امریکہ میں باسکٹ بال کی ایک پروفیشنل خاتون کھلاڑی کے طور پر کھیل سکنا ان کی زندگی کا اہم ترین خواب رہا ہے اور اسی لیے وہ امریکہ میں ان آٹھ دنوں کے دوران اپنی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گی۔

گیتُو آنا خوسے بھارت میں قومی سطح پر اور ایشیا میں بین الاقوامی سطح پر باسکٹ بال کی اتنی کامیاب کھلاڑی ہیں کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشنز کی طرف سے خواتین کے لیے باسکٹ بال کے جو ایشیائی چیمپئن شپ مقابلے منعقد کرائے جاتے ہیں، ان میں سے گزشتہ دونوں ایشیائی مقابلوں میں وہ ٹاپ اسکورر رہی تھیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف