باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ
29 اگست 2010ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ اٹھائیس اگست سے شروع ہونے والی اس چیمپیئن شپ کا فائنل بارہ ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کھیل کی مشترکہ طور پر میزبانی انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن اور ترکی کا باسکٹ بال کا قومی ادارہ کر رہا ہے۔ عالمی چیمپیئن بننے والی ٹیم کوNaismith ٹرافی دی جاتی ہے۔ یہ ٹرافی جیمز نائیس میتھ کے نام پر رکھی گئی ہے جو اس کھیل کے دریافت کرنے والے تصور کئے جاتے ہیں۔
عالمی چیمپیئن شپ کے ڈراز کا اعلان گزشتہ سال پندرہ دسمبر کو ہوا تھا۔ چیمپیئن شپ میں کل چار گروپ ہیں۔ ہر گروپ میں چھ ٹیمیں ہیں اور اس مرحلے پر ہر ٹیم ایک دوسرے سے کھیلے گی۔ جرمنی کی قومی باسکٹ بال ٹیم گروپ اے میں ہے۔ اس راؤنڈ کے میچ مکمل ہونے پر ہر گروپ سے چار ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی جو ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ اس مرحلے کا آغاز چار دسمبر سے ہو گا۔ یہ مرحلہ ایک طرح کا پری کوارٹر فائنل خیال کیا جاتا ہے۔ سولہ ٹیموں میں سے آٹھ ٹیمیں چار کوارٹر فائنل کھیلیں گی۔ کوارٹر فائنل دس دسمبر کو شروع ہوں گے۔
گروپ اے میں شامل دو مضبوط ٹیموں جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان میچ ہفتہ کی شب کھیلا گیا۔ جرمن ٹیم وقفے تک ارجنٹائن کی ٹیم پر برتری حاصل کئے ہوئے تھی لیکن صرف چار پوائنٹس کے فرق سے وہ یہ میچ ہار گئی۔ دفاعی چیمپیئن اسپین کو فرانس کی ٹیم نے ہرایا۔ میزبان ترکی کی ٹیم نے افریقی ملک آئیوری کوسٹ کی ٹیم کو ہرا دیا۔ امریکی ٹیم کروشیا کو ہرانے میں کامیاب رہی۔
ترکی میں کھیلی جانے والی باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ تین شہروں کے کل چار مختلف مقامات پر کھیلی جا رہی ہے۔ میزبان شہروں میں استنبول کے علاوہ انقرہ، ازمیر اور قیصریہ شامل ہیں۔ استنبول میں یہ دو مقامات پر منعقد کی جا رہی ہے۔ گروپ مرحلے کے میچوں کی میزبانی استنبول کے علاوہ دوسرے شہروں کو دی گئی ہے۔ چار دسمبر سے شروع ہونے والے ناک آؤٹ سٹیجز کے تمام میچ استنبول کے دو مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔ ترکی میں صرف مردوں کی عالمی چیمپیئن شپ کھیلی جا رہی ہے۔ خواتین کی عالمی چیمپیئن شپ یورپی ریاست چیک جمہوریہ میں اگلے ماہ شروع ہو گی۔
موجودہ عالمی چیمپیئن شپ میں دفاعی ٹیم اسپین کی ہے۔ اس نے گزشتہ عالمی مقابلوں میں یونان کو ہرایا تھا۔ سن 2014 کی عالمی چیمپیئن شپ کے مقابلے اسپین میں ہوں گے۔ امریکی ٹیم نے آخری بار عالمی چیمپیئن شپ سن 1994 میں جیتی تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ