1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باسکٹ بال: عالمی چیمپیئن شپ کا دوسرا دن

30 اگست 2010

ترکی میں کھیلی جانے والی باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ میں جرمنی کی قومی باسکٹ بال ٹیم نے سیربیا کی مضبوط ٹیم کو صرف ایک پوائنٹ سے ہرا کر گروپ اے میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/Oz3Q
ڈرک نووٹسکیتصویر: AP

ترکی کے شہر قیصریہ میں گروپ اے کے اہم میچ میں جرمن باسکٹ بال ٹیم اور سیربیا کی ٹیم کے درمیان انتہائی کانٹے دار میچ ہوا۔ سیربیا نے 81 پوائنٹس سکور کئے اور جرمن ٹیم نے 82 پوائنٹس سکور کر کے تھرلر جیت لیا۔ اس میچ میں برلن شہر سے تعلق رکھنے والے سات فٹ کے طویل قامت اور تیز رفتار جرمن کھلاڑی ژان ژاگلا (Jan Jagla)کا کھیل شاندار رہا۔ انہوں نے میچ کے دوران 35 پوائنٹس اپنی ٹیم کے لئے حاصل کئے۔

کھیلے جانے والے بقیہ میچوں میں امریکہ کی ٹیم نے سلوواکیہ کی ٹیم کو ہرایا۔ افریقی ملک آئیوری کوسٹ کی ٹیم چین سے ہار گئی جب کہ لتھواینیا نے کینیڈا کو شکست دی۔ اتوار کو بارہ میچ کھیلے گئے۔ ان میں فرانسیسی ٹیم کو لبنان کے خلاف آسانی سے کامیابی حاصل ہوئی۔یونان نے ایک زور دار میچ میں پیوروٹو ریکو کو ہرایا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کروشیا کی ٹیم بھی اپنا میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ میزبان ترکی کو روس کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی اور دفاعی چیمپیئن اسپین نے نیوزی لینڈ کو نمایاں فرق سے ہرایا۔ لاطینی امریکہ میں باسکٹ بال کا پاور ہاؤس برازیل کو کہا جاتا ہے۔ برازیلی ٹیم نے تیونس کی ٹیم کوانتہائی آسانی سے شکست دی۔ آسٹریلیا اور ارجنٹائن کا میچ بھی کانٹے دار تھا۔ اس میچ میں دو پوائنٹ کے فرق سے جیت ارجنٹائن نے حاصل کی۔ پیر کو چیمپیئن شپ میں چھ میچ شیڈیول ہیں۔

Brasilien Iran Weltmeisterschaft Basketball Türkei
عالمی چیمپیئن شپ میں برازیل اور ایران کے میچ کا منظرتصویر: AP

ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں اٹھائیس اگست سے شروع ہونے والی باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ کا فائنل بارہ ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کھیل کی مشترکہ طور پر میزبانی انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن اور ترکی کا باسکٹ بال کا قومی ادارہ کر رہا ہے۔ کل چوبیس ٹیمیں شریک ہیں جو چار گروپوں میں تقسیم ہیں۔

ترکی میں کھیلی جانے والی باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ تین شہروں کے کل چار مختلف مقامات پر کھیلی جا رہی ہے۔ میزبان شہروں میں استنبول کے علاوہ انقرہ، ازمیر اور قیصریہ شامل ہیں۔ استنبول میں یہ دو مقامات پر منعقد کی جا رہی ہے۔ گروپ مرحلے کے میچوں کی میزبانی استنبول کے علاوہ دوسرے شہروں کو دی گئی ہے۔ چار دسمبر سے شروع ہونے والے ناک آؤٹ سٹیجز کے تمام میچ استنبول کے دو مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔ ترکی میں صرف مردوں کی عالمی چیمپیئن شپ کھیلی جا رہی ہے۔ خواتین کی عالمی چیمپیئن شپ یورپی ریاست چیک جمہوریہ میں اگلے ماہ شروع ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں