برطانیہ میں حکومت سازی، کلیگ اور کیمرون کی اہم ملاقات اتوار کو
9 مئی 2010برطانوی انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنے والی سیاسی پارٹی لبرل ڈیموکریٹ کے رہنما متحدہ حکومت سازی کے لئے قدامت پسند پارٹی سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ اتوار کو لندن میں ہونے والے ان مذاکرات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی قدامت پسند جماعت ،لبرل ڈیموکریٹس کو متحدہ حکومت سازی کے لئے رضا مند کرنے کی کوشش کریں گی۔
اگرچہ قدامت پسند ٹوری جماعت نے چھ مئی کو منعقد کئے گئے پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ یعنی تین سو چھ نشستیں حاصل کی ہیں تاہم وہ حکومت سازی کے لئے قطعی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ لبرل ڈیموکریٹ رہنما نک کلیگ ، قدامت پسند رہنما ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کے بعد متوقع طور پر لیبر پارٹی کے رہنما گورڈن براؤن سے بھی ملاقات کریں گے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ لبرل ڈیموکریٹس اور قدامت پسندوں کے مابین ہونے والی آج کی ملاقات میں کوئی پیش رفت ممکن نہیں کیونکہ پیر کو مالیاتی منڈیوں کے کھلنے کے بعد ہی لبرل ڈیموکریٹ متحدہ حکومت سازی کے بارے میں کوئی واضح اشارہ دیں گے۔ لبرل ڈیموکریٹ پارٹی، جمعرات کو ہوئے پارلیمانی انتخابات میں تیسرے نمبر پر آئی ہے۔ اس نے ستاون نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
قدامت پسند پارٹی کے مذاکرت کار نے جمعہ کی رات لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد انہیں متحدہ حکومت سازی کی دعوت دی تھی۔ قدامت پسند پارٹی نے چھ سو پچاس کے ایوان میں تین سو چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تاہم حکومت سازی کے لئے درکار اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
قدامت پسند رہنما ڈیوڈ کیمرون نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وہ برطانیہ کو مشکل وقت سے نکالنے کےلئے لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے ساتھ حکومت سازی کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا:’’ میں لبرل ڈیموکریٹ کو بڑی، کھلی اور مکمل دعوت دیتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ ہم ملک کر اس ملک کو درپیش بڑے اور فوری توجہ کے متقاضی مسائل کو حل کر سکیں۔‘‘
گزشتہ تیرہ سالوں سے اقتدار میں رہنے والی حکمران لیبر پارٹی نے ان انتخابات میں دو سو اٹھاون نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس پارٹی کے رہنما موجودہ وزیر اعظم گورڈن براؤن نے لبرل ڈیموکریٹ رہنما نک کلیگ کو حکومت سازی کی دعوت دی تھی تاہم نک کلیگ نے کہا ہے کہ چونکہ قدامت پسندوں نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں اس لئے سب سے پہلے وہ حکومت سازی کے لئے ان سے مذاکرات کریں گے۔
گورڈن براؤن نے کہا ہے کہ متحدہ حکومت سازی کے لئے لبرل ڈیموکریٹ اور قدامت پسند پارٹی جتنا وقت لینا چاہتی ہیں، ان کو دیا جائے گا۔ لیکن ان مذاکرات میں ناکامی کے بعد وہ لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہیں گے.
جمعہ کی رات لبرل ڈیموکریٹ اور کنررویٹو پارٹی کے چار چار رہنماؤں نے ممکنہ متحدہ حکومت سازی پر ابتدائی مذاکرات کئے تاہم ابھی تک کوئی واضح بات سامنے نہں آئی۔
اس ایک گھنٹے کی ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے میں رہنے کا کہا۔
لبرل ڈیموکریٹس کی پارٹی میٹنگ کے بعد پارٹی ترجمان نے بتایا کہ ابھی تک سبھی معاملات ٹھیک جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت بہت محتاط طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے اور کسی بھی حتمی فیصلے کے لئے کچھ انتظار کرنا ہوگا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف