بھارتی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ
18 دسمبر 2008بھارت کے وفاقی وزیر برائے کھیل ایم ایس گل نے آج جمعرات کو پارلیمان میں کرکٹ سیریز کے منسوخ کئے جانے کے فیصلے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا۔
بھارتی حکام کا الزام ہے کہ ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان میں مبینہ طور پر موجود شدت پسندوں نے کی تھی تاہم پاکستانی حکومت اس الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہتی ہے کہ اس سلسلے میں بھارت نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کئے ہیں۔
بھارتی ٹیم پاکستان کے مجوزہ دورے پر تین ٹیسٹ میچوں پر مبنی سیریز کے علاوہ پانچ محدود اووروں کے میچوں کی سیریز بھی کھیلنے والی تھی۔ دونوں ٹیمیں آٹھ جنوری تا انیس فروری ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کے علاوہ ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلنے والی تھیں۔
بھارت کی طرف سے دورہ منسوخ کئے جانے کے فیصلے کے بعد اب پاکستان نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کو سیریز کے لئے نیوٹرل وینیو کی بھی پیشکش کی تھی تاہم اس سلسلے میں متضاد تفصیلات ہیں۔
ممبئی حملوں کے بعد بھارتی وزراء نے یہ واضح کردیا ہے کہ جب تک پاکستان اپنی سرزمین پر مبینہ طور پر موجود شدت پسندوں کے خلاف ٹھوس کارروائیاں نہیں کرتا ہے تب تک دونوں ملکوں کے مابین گُزشتہ چار برسوں سے جاری جامع مزاکراتی امن عمل بھی آگے نہیں بڑھ سکتا ہے۔