بھارت کا ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کا اعلان
17 نومبر 2024بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج بروز اتوار ملک کے پہلے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربہ کا اعلان کیا۔ اس پیشرفت کے بعد بھارت دنیا کے ان مٹھی بھر ممالک میں شامل ہوگیا ہے، جو ہائپرسونک ہتھیاروں کے پروگرام رکھتے ہیں۔ یہ میزائل ہفتے کے روز مشرقی ساحل پر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے داغا گیا۔ اٹلانٹک کونسل کے مطابق اس سے قبل صرف امریکہ، چین اور روس نے ہائپر سونک صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
شمالی کوریا اور یمن میں حوثی باغیوں نے بھی ایسے میزائلوں کا تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہائپر سونک ہتھیار آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ رفتار حاصل کر سکتے ہیں۔
بھارتی دفاعی صلاحیتوں کے لیے اہم سنگ میل
راج ناتھ سنگھ نے فیس بک پر پوسٹ کیا، ''یہ ایک تاریخی لمحہ ہے اور اس اہم کامیابی نے ہمارے ملک کو ایسی اہم اور جدید فوجی ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں کے حامل منتخب ممالک کے گروپ میں لا کھڑا کیا ہے۔‘‘ ایک حکومتی بیان کے مطابق بھارتی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن اور اس کے صنعتی شراکت داروں نے یہ میزائل تیار کیا ہے، جو 1500 کلومیٹر (930 میل) سے زیادہ فاصلے پر پے لوڈ لے جانےکی صلاحیت کا حامل ہے۔
حکومت نے کہا، ''فلائٹ ڈیٹا نے کامیاب اور اعلیٰ درجے کی درستی کے ساتھ ہدف بنانے کی تصدیق کی۔‘‘ حالیہ برسوں میں نئی دہلی نے مغربی ممالک کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون کو مضبوط کیا ہے، خاص طور پر کواڈ الائنس کے ذریعے، جس میں امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
ش ر⁄ ا ا (اے ایف پی، روئٹرز)