1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

توہین رسالت کے پاکستانی قانون پر امریکی ایوان نمائندگان میں قرار داد

11 مارچ 2011

توہین رسالت کے متنازعہ پاکستانی قانون کے حوالے سے امریکی ایوان نمائندگان میں ایک قرار داد پیش کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور اوباما انتظامیہ اس قانون کے خاتمے کے لیے اسلام آباد حکومت پر دباؤ ڈالے۔

https://p.dw.com/p/10XFZ
تصویر: AP

یہ قرارداد کانگریس کے رکن ٹرینٹ فرانکس نے دیگر آٹھ ارکان کے ساتھ مل کر پیش کی ہے، جس میں پاکستانی کابینہ کے واحد مسیحی وزیر شہباز بھٹی اور سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل پر دُکھ کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

Salman Taseer
سلمان تاثیر اپنی اہلیہ کے ساتھتصویر: Picture-Alliance/dpa

خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق یہ قرارداد ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سامنے پیش کی گئی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق میں ’تاثیر۔بھٹی قرارداد‘ پیش کرتے ہوئے پاکستان کی جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کے لیے ان دونوں پاکستانی شخصیتوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔ اس قرارداد میں بالخصوص مذہبی آزادی پر زور دیا گیا ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی نے گزشتہ برس نومبر میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کے لئے سنائے گئے سزائے موت کے فیصلے کی کھل کر مخالفت کی۔ ساتھ ہی بانئ پاکستان محمد علی جناح کی اس تقریر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جو انہوں نے 1947ء میں دستور ساز اسمبلی کے سامنے کی۔ اس تقریر میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے شہریوں کا تعلق کسی بھی مذہب یا ذات سے ہو، اس کا کاروبارِ ریاست سے کوئی سروکار نہیں ہو گا۔

ایوان نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد میں امریکی صدر باراک اوباما پر زور دیا گیا ہے کہ وہ توہین رسالت کے قانون کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کریں۔

خیال رہے کہ توہین رسالت سے متعلق متنازعہ پاکستانی قانون پر بحث گزشتہ برس نومبر میں اس وقت پھر سے شروع ہوئی، جب صوبہ پنجاب کی ایک ضلعی عدالت نے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کے لیے توہین رسالت کے الزام پر سزائے موت کا فیصلہ سنایا۔

NO FLASH Pakistan Minderheiten Shahbaz Bhatti
شہباز بھٹیتصویر: AP

سابق گورنر پنجاب نے آسیہ بی بی سے جیل میں ملاقات کی اور انہیں معصوم قرار دیا۔ تاہم رواں برس جنوری میں سلمان تاثیر کو ان کے ایک محافظ نے ہی قتل کر دیا، جس نے بعدازاں کہا کہ اس کا یہ اقدام تاثیر کی توہین رسالت کے قانون سے مخالفت کا نتیجہ ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کو گزشتہ ہفتے دارالحکومت اسلام آباد میں اسی قانون پر نظریات کی وجہ سے قتل کر دیا گیا۔ پاکستانی طالبان نے ان کے قتل کی ذمہ داری قبول کی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں