1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مقتول پاکستانی وزیر بھٹی کی آبائی گاؤں میں تدفین

4 مارچ 2011

پاکستان میں شدت پسندوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے مسیحی رہنما اور اقلیتوں سے متعلقہ امور کے وفاقی وزیر شہباز بھٹی کو صوبہ پنجاب میں واقع ان کے آبائی گائوں خوش پور میں سپرد خاک کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10TXH
تصویر: AP

اسی دوران آج جمعہ سے پاکستان میں شہباز بھٹی کے قتل پر تین روزہ سوگ کا آغاز ہو گیا اور ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ شہباز بھٹی کی آخری رسومات اسلام آباد کے فاطمہ جناح چرچ میں ادا کی گئیں۔ ان رسومات میں شہباز بھٹی کے اہل خانہ کے علاوہ پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفارتکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہباز بھٹی کی آخری رسومات کے ایک حصے کے طور پر کلیسائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا،

’’آج کا دن یوم سیاہ ہے۔ شہباز بھٹی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے قاتلوں کو ہم ضرور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔‘‘

Pakistan Ministerpräsident Yousaf Raza Gilani
وزیر اعظم نے آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دیاتصویر: Abdul Sabooh

اس موقع پر شہباز بھٹی کے قریبی ساتھی اور آل پاکستان کرسچین سوسائٹی کے سربراہ روبنسن اصغر نے کہا کہ شہباز بھٹی کا قتل پاکستان کی اقلیتوں کے لیے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا،’’شہباز بھٹی کا مشن پوری قوم کا مشن تھا اور یہ مشن یہی ہے کہ ہمارے (اقلیتوں کے ساتھ) زیادتی ختم ہو۔ اور کسی بھی طور توہین رسالت کے قانون کا غلط استعمال نہ کیا جائے۔ ہم اپنے اس مشن کو جاری رکھیں گے۔‘‘

بعد ازاں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں لپٹی شہباز بھٹی کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے ایک گاؤں خوش پور پہنچا دی گئی، جہاں مسیحی برادری کے ہزاروں افراد نے اپنے اس رہنما کی میت وصول کی۔ اس موقع پر بہت جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

ادھر اسلام آباد میں آج جمعہ کو شہباز بھٹی کے قتل پر قومی اسمبلی میں بحث دوسرے روز بھی جاری رہی۔ ارکان اسمبلی نے شہباز بھٹی کے قتل کو ملک کا امن برباد کرنے کی سازش اور سکیورٹی اداروں کی نااہلی قرار دیا۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی جمشید دستی نے وزیر اعظم گیلانی اور وزیر داخلہ رحمان ملک سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس کے جواب میں وزیر داخلہ رحمان ملک نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ شہباز بھٹی کا قتل سکیورٹی کی ناکامی نہیں تھا اور اگر شہباز بھٹی کی سکیورٹی کی ناکامی ثابت ہو جائے تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے تیار ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا، ’’ایوان فیصلہ کرے کہ ہمیں اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کوئی جوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے یا پھر کوئی پارلیمانی کمیٹی قائم کرنی چاہیے۔ لیکن ایک چیز میں واضح کر دوں کہ اس واقعے میں کوئی سکیورٹی کی کوتاہی نہیں تھی۔ کوئی کمیشن یا ایک کمیٹی، جو بھی بنائیں، میری درخواست ہو گی کہ اس کا سربراہ اپوزیشن کے کسی رکن اسمبلی کو بنائیں۔‘‘

رحمان ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت وہ خود بھی دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر ہیں اور ان کے بعد شیری رحمان اور پھر فوزیہ وہاب کے نام آتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان بھی شہباز بھٹی کے قتل کو سکیورٹی کی خامی قرار دے چکی ہیں، جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہو رہا تھا کہ رحمان ملک کو اپوزیشن کے ساتھ ساتھ اپنی پارٹی کے اندر سے بھی شہباز بھٹی کے قتل کے المناک واقعے پر تنقید کا سامنا ہے۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں