جرمنی اور بھارت تجارتی حجم دوگنا کرنے کے لئے پرعزم
12 دسمبر 2010بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کا دورہء جرمنی توقعات کے مطابق نہایت اہم ثابت ہوا ہے۔ ہفتے کے دن انہوں نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی اور باہمی تجارت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سنگھ سے ملاقات سے قبل جرمن چانسلر میرکل نے کہا،’ہم نے اپنے لئے غیرمعمولی اہداف مقرر کئے ہیں۔ ہم سال دو ہزار بارہ تک باہمی تجارت میں بیس بلین یورو کا حجم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
جرمن چانسلر نے کہا،’ اب تک باہمی تجارت کا حجم تیرہ بلین یورو ہے، اس کا مطلب ہے کہ آئندہ دو برسوں میں بہت کچھ کرنا ضروری ہے۔ بھارت کی معیشت میں نمو دیدنی ہے اور میرے خیال میں اس صورتحال میں اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔‘
بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے بقول،’عالمی سطح پر موجودہ اقتصادی صورتحال کے باوجود ہم پرامید ہیں کہ سن 2012ء تک بیس بلین یورو کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ بھارت اور جرمنی کے مابین ہائی ٹیکنالوجی کی تجارت میں بہت زیادہ مارجن ہے۔
ڈاکٹرمنموہن سنگھ جمعہ کے دن برسلز میں تھے، جہاں گیارہویں انڈیا۔ ای یو سمٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس سمٹ میں اطراف نے ’فری ٹریڈ ایگریمنٹ‘ FTA میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا۔ گزشتہ چار سالوں سے اس حوالے سے جاری مذاکرات ابھی تک تعطل کا شکار تھے۔
اس حوالے سے جرمن چانسلر میرکل نے کہا کہ FTA کو ایک حقیقت کا رنگ دینے کے لئے اہم پیش رفت ہو چکی ہے،’ اطراف نے ایک دوسرے کی طرف بڑھنے کے لئے قدم اٹھانا ہے۔ ہر کوئی سمجھوتے پر تیار ہے۔ یہ بھارت اور یورپی یونین کے لئے ایک سچائی ہے۔‘
تجارت کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے عالمی سلامتی اورسلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل نشست کے لئے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر یہ اعلان بھی سامنے آیا کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل آئندہ برس بھارت کا دورہ کریں گی، جہاں وہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے ساٹھ سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔ منموہن سنگھ دو یورپی ملکوں بیلجیئم اور جرمنی کے دورے کے بعد اتوار کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر