1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کے لیے واحد جگہ اب اسرائیل کے ساتھ ہے، چانسلر شولس

12 اکتوبر 2023

جرمن چانسلر اولاف شولس نے ایسے لوگوں کی مذمت کی ہے، جنہوں نے اسرائیل پر حماس کے دہشت گردانہ حملوں کی ’تعریف کی اور ان کا جشن منایا‘۔ ساتھ ہی انہوں نے جرمنی میں حماس کی ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی کا اعلان بھی کر دیا۔

https://p.dw.com/p/4XSxl
Scholz Bundestag Israel
تصویر: Liesa Johannssen/REUTERS

گزشتہ ہفتے کے روز اسرائیل پر حماس کے دہشت گردانہ حملے کے بعد اسرائیل کی صورت حال پر جرمن چانسلر اولاف شولس نے جمعرات بارہ اکتوبر کے روز ایک تفصیلی بیان دیا۔ اس بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کے لیے اب واحد جگہ یہی ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہو جائے۔

وفاقی جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں اپنا یہ حکومتی بیان دیتے ہوئے چانسلر اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر اولاف شولس نے کہا، ''دہشت گردی کی ان کارروائیوں میں اسرائیل کے ایک ہزار سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں شدید زخمی ہیں اوراسرائیلی  ہسپتالوں میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نو ملین کی آبادی والے اس ملک میں تقریباً ہر کوئی ہی ان متاثرین میں سے کسی نہ کسی کو جانتا ہی ہے۔‘‘

اسرائیل پر بڑے پیمانے پر کیے گئے ان حملوں میں، جن میں غزہ سے ہزاروں راکٹ فائر کیے گئے، اب تک تیرہ سو سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ بعد ازاں فلسطینی  عسکریت پسند تنظیم حماس کے سینکڑوں جنگجو جنوبی اسرائیل میں داخل بھی ہو گئے تھے۔

Deutschland | Demonstration von Pro-palästinensische Aktivisten | Nezwerk Samidoun
فلسطینی نواز گروپ سامیدون کو بھی جرمنی میں غیر قانونی قرار دے دیا جائے گا۔تصویر: Ying Tang/NurPhoto/picture alliance

'ہم آپ کے دکھ میں شریک ہیں،‘ شولس

جرمن  پارلیمان کے ایوان زیریں سے خطاب کرتے ہوئے اولاف شولس کا مزید کہنا تھا، ''اس وقت پورے اسرائیل  میں سوگ ہے۔ اسرائیل کے پیارے دوستو، ہم آپ کے ساتھ ان سوگوار لمحات میں آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘

جرمن چانسلر نے حماس کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا، ''ہم دہشت گردوں کی مذمت کرتے ہیں اور واضح طور پر کہتے ہیں کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے شہریوں کو اس طرح کی بربریت سے بچانے اور ان کے مکمل دفاع کا حق حاصل ہے۔‘‘

اولاف شولس نے ریاست اسرائیل  کی سلامتی اور تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا، ''اسرائیل میں اور اسرائیل کے لیے تحفظ کو بحال کیا جانا چاہیے۔ اور اسی لیے اسرائیل کے پاس اپنے دفاع کی صلاحیت ہونا چاہیے۔ اس وقت جرمنی کے لیے صرف ایک ہی راستہ  ہے، وہ یہ کہ وہ اسرائیل کے شانہ بشانہ کھڑا ہو۔ اس سے ہماری مراد یہ ہے  کہ اسرائیل کی سلامتی خود جرمنی کے وجود کا بھی جواز ہے۔‘‘

Bundestag Regierungserklärung zur Lage in Israel/Ron Prosor
جرمن پارلیمان میں اسرائیلی وزیر رون پروزور کی ایک خصوصی اجلاس میں شرکت تصویر: Liesa Johannssen/REUTERS

حماس کے حملے سراہے جانے کی مذمت

اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اولاف شولس نے جرمنی کی سڑکوں پر دیکھے گئے مناظر کا حوالہ بھی دیا اور ان لوگوں کی بھی مذمت کی جنہوں نے حماس کے ان حملوں کا جشن منایا۔ جرمن سربراہ حکومت نے کہا کہ اس طرح کی کوئی بھی کارروائی جرمنی کی ملکی اقدار کے خلاف ہے۔ شولس نے کہا، ''ہم نفرت پھیلانے اور اس پر اکسانے کی کوششوں کو برداشت نہیں کریں گے۔‘‘

جرمن چانسلر نے کہا کہ جرمنی میں حماس کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی جائے گی اور حکام ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ اس کے علاوہ فلسطینی نواز گروپ سامیدون کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا جائے گا۔

حماس کی طرف سے دہشت گردانہ حملوں نے یورپ میں گہری تشویش پھیلا دی ہے۔ یورپی یونین، امریکہ اور اسرائیل سمیت کئی ممالک نے حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔

ک م / ع آ، م م (اے ایف پی، ڈی پی اے)