سیلاب سے متاثرہ آسٹریلیا میں ’فلڈ ریکوری‘ ٹیکس
27 جنوری 2011اس فلڈ ریکوری یا سیلاب بحالی ٹیکس سے جمع شدہ رقم آسٹریلوی تاریخ کے بدترین سیلاب سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر اور کاروبار کی بحالی کے لیے خرچ کی جائے گی۔ گزشتہ ماہ آنے والے سیلاب سے ملک کا مشرقی ساحلی علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
تندوتیز بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے ریاست کوئینز لینڈ میں نہ صرف کوئلے کی کانیں بند کرنا پڑیں اور لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں بلکہ اس سے ملک کی اہم ریاستوں میں سڑکیں اور ریلوے لائنیں بھی بری طرح تباہی سے دوچار ہوئیں۔ سیلاب کے نتیجے میں 35 افرد ہلاک جبکہ متاثرہ ریاستوں میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ 10 بلین ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے کہا ہے کہ حکومت دیگر مدوں میں اپنے اخراجات میں کمی کی بدولت سیلاب سے بحالی کے لیے قائم کیے جانے والے فنڈ میں 5.6 بلین ڈالر کی رقم کی فراہمی کی کوشش کرے گی۔
سیلاب سے متاثرہ ریاستیں بھی بحالی کے اس فنڈ کے لیے رقوم فراہم کریں گی۔ ایک اندازے کے مطابق آسٹریلیا میں آنے والے سیلاب سے بارہ ہزار مکانات تباہ ہوئے، دو لاکھ افراد چھتوں سے محروم ہوئے۔ ماہرین معاشیات کے مطابق اقتصادی اعتبار سے ملک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے ازالے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: عاطف بلوچ