1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شمالی کوریا ہمارے لئے براہ راست خطرہ بن رہا ہے‘، گیٹس

12 جنوری 2011

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا بین البراعظمی میزائل بنانے کی جانب گامزن ہے جس کے سبب اب یہ ملک امریکہ کے لئے ’براہ راست‘ خطرہ بنتا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/zwZl
تصویر: AP

واشنگٹن کے مقتدر حلقے طویل عرصے سے شمالی کوریا کے میزائل پروگرام سے متعلق تشویش میں مبتلا ہیں۔ وزیر دفاع گیٹس کی جانب سے یہ تازہ بیان اُن کے دورہء بیجنگ کے موقع پر سامنے آیا ہے۔

امریکی وزیر نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو کم کرنے کے سلسلے میں چینی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر بیجنگ پر زور دیا کہ وہ کمیونسٹ کوریا پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی سے روکے۔

Robert Gates in Peking Flash-Galerie
امریکی وزیر دفاع چین کی مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے کا معائنہ کرتے ہوئےتصویر: AP

خیال رہے کہ چین کو شمالی کوریا کا سر فہرست معیشی و سفارتی معاون تصور کیا جاتا ہے۔ چینی صدر ہوجن تاؤ کے ساتھ ملاقات کے بعد گیٹس نے کہا، ’’ جس انداز سے شمالی کوریا اپنے جوہری اور میزائل پروگرام کو ترقی دے رہا ہے اس سے وہ امریکہ کے لئے براہ راست خطرہ بنتا جارہا ہے۔‘‘

جب اُن سے پوچھا گیا کہ آیا شمالی کوریا امریکہ کے لئے فوری خطرہ ہے؟ تو ان کا جواب تھا ، ’’ بات یہ نہیں کہ اگلے پانچ سال میں اُس کے پاس بین البراعظمی میزائلوں کا ڈھیر لگ جائے گا بلکہ میرے خیال میں اس عرصے کے دوران شمالی کوریا بین البراعظمی میزائل بنانے کے قابل ہوجائے گا۔‘‘

تجزیہ نگاروں کے مطابق گیٹس نے جو بات اب عام کی ہے وہ امریکی نیشنل انٹیلی جنس کے 2001ء کے اندازوں سے مطابقت رکھتی ہے۔ اُس وقت یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ 15 سال کے اندر امریکہ کو شمالی کوریا اور ایران سے ممکنہ طور پر بین البراعظمی میزائل حملے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

واشنگٹن کی ہیریٹیج فاؤنڈیشن سے وابستہ تجزیہ نگار بروس کلنگر کے بقول عین ممکن ہے کہ رابرٹ گیٹس کا تازہ بیان، نئی انٹیلی جنس رپورٹوں پر مبنی ہو۔

Nordkorea Militärparade in Pyongyang
شمالی کوریا کی فوج ایک عسکری پریڈ میں میزائل کی نمائش کرتے ہوئےتصویر: AP

امریکی نیول وار کالج سے وابستہ نکولاس گوسڈیو امریکی وزیر دفاع کے بیان میں چین کے لئے ایک اشارہ دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اب بیجنگ پر یہ واضح کر رہا ہے کہ چونکہ جاپان اور جنوبی کوریا بھی شمالی کوریا کو براہ راست خطرہ تصور کر رہے ہیں لہذا وہ اس کی مبینہ پشت پناہی ترک کردے۔ جنوبی کوریا کے انٹیلی جنس حلقوں کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا کی موجودہ عسکری صلاحیت کے اعتبار سے جاپان میں موجود امریکی فوجی اڈہ اُس کے نشانے پر ہے۔

جزیرہ نما کوریا میں کچھ عرصہ قبل جو کشیدگی بڑھی تھی اُس میں اب قدرے کمی دیکھی جارہی ہے۔ نئے سال کے آغاز کے بعد سے شمالی کوریا متعدد بار جنوب کو مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے جسے جنوب کوریائی حکام محض پراپیگنڈہ قرار دیتے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں