1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صوفی قوال امجد صابری کا قتل، عالمی سطح پر خراج عقیدت

بینش جاوید23 جون 2016

جنوبی ایشیا کے نامور صوفی قوال امجد صابری کے قتل پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ دنیا بھر سے امجد صابری کے چاہنے والے فن قوالی میں ان کی خدمات کے معترف ہیں اور ان کے قتل پر رنج و افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JBof
Ungarn Konzert Amjad Sabri
تصویر: Daniel Zafir

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے امجد صابری کے قتل پر افوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج موسیقی کا ایک باب بند ہو گیا ہے۔

بھارت کے معروف موسیقار سونو نگم نے امجد صابری کے بارے میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا، ’’ایک انتہائی افسوس ناک الوداع، امجد صابری نے نہ صرف میرے ساتھ گانا گایا تھا بلکہ سن 2004 میں کراچی میں ایک بم حملے میں ہم دونوں موت کے منہ سے بال بال بچے تھے۔‘‘ سونو نگم نے جیو نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ ’’امجد صابری کا تعلق ایک بڑے موسیقار خاندان سے تھا، میں انہیں بہت یاد کروں گا۔‘‘

پاکستانی اداکار فواد افضل خان نے لکھا، ’’امجد صابری جیسی شخصیت کے قتل پر مجھے انتہائی دکھ ہے اور اس وقت میں ان کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘

پاکستان کے نامور اداکار اور موسیقار علی ظفر نے لکھا، ’’میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، یہ انتہائی تکلیف دہ سانحہ ہے۔‘‘

بھارت کے نامور آرٹسٹ جاوید جافری نے بھی امجد صابری کے قتل پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکارہ عابدہ پروین نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری نے اپنے فن سے امن اور روحانیت پھیلائی۔

امجد صابری سے بے پناہ محبت اور عقیدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ہزارو‌ں افراد نے ان کے جنازے میں شرکت کی۔

پاکستانی نیوز چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق بھارت میں سجادہ نشین درگاہ نظام الدین اولیاء کا کہنا ہے کہ انہوں نے امجد صابری کی ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی اور امجد صابری نے کئی مرتبہ وہاں حاضری بھی دی تھی۔

پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانسوائس کاشن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا، ’’امجد صابری کا قتل پوری دنیا میں موسیقی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔‘‘

نہ صرف جنوبی ایشیا کے میڈیا بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں بھی امجد صابری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔