1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی لیوں کلب: یورپی ویمن چیمپیئنز لیگ کی ونر

27 مئی 2011

جمعرات 26 مئی کو لندن میں خواتین کی فٹ بال کلب ٹیموں کی چیمپیئنز لیگ کا فائنل میچ کھیلا گیا، جس میں پوٹسڈام شہر کی جرمن ٹیم Turbine Potsdam اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکی اور ٹائیٹل پہلی مرتبہ ایک فرانسیسی کلب نے جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/11OtE
لیوں کی خواتین پہلے گول کے بعدتصویر: dapd

برطانوی دارالحکومت لندن کے کریون کاٹیج گراؤنڈ میں آٹھ ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں فرانسیسی کلب اولمپیک لیوں نے جرمن کلب پوٹسڈام کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ اس طرح اِس چیمپئن شپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فرانسیسی خواتین نے یورپی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

دفاعی کھلاڑی وَینڈی رینار نے پہلا گول ستائیس ویں منٹ میں کیا جبکہ دوسرا گول متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کی گئی سوئٹزرلینڈ کی لارا ڈیکن مان نے میچ کا وقت ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے کیا۔ اس طرح لیوں کی ٹیم نے، جس نے اس سیزن میں فرانس کی ویمنز لیگ کے سبھی میچ جیتے ہیں، اپنی اُس شکست کا بدلہ لے لیا، جو اُسے اِسی جرمن ٹیم کے ہاتھوں گزشتہ سال کے فائنل میں پنلٹی شُوٹ آؤٹ میں اٹھانا پڑی تھی۔ گزشتہ سال کا فائنل اسپین کے شہر گیتاف میں کھیلا گیا تھا۔

SOC WSOC Britain Soccer Women's Champions League Final no flash
فرنچ کلب لیوں کی خواتین فٹ بالرز فائنل میچ جیتنے کے بعدتصویر: AP

پوٹسڈام کے کلب Turbine Potsdam نے اس سال مارچ میں مسلسل تیسری مرتبہ جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم اس جرمن کلب کا گزشتہ برس اور سن 2005 کے بعد تیسری مرتبہ بھی چیمپیئنز لیگ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔

پوٹسڈام کے اس کلب کی صورت میں دسویں مرتبہ کوئی جرمن کلب یورو کپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا جبکہ اب تک چھ مرتبہ یہ اعزاز جرمنی کے حصے میں آ چکا ہے۔ ایف ایف سی فرینکفرٹ نے سب سے زیادہ یعنی ریکارڈ تین مرتبہ یورو کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں