چیمپیئنز لیگ: ریئل میڈرڈ کے کوچ پر پانچ میچوں کی پابندی
7 مئی 2011جوزے مورینیو پر یہ پابندی ایک اور ہسپانوی فٹ بال کلب اور ریئل میڈرڈ کی حریف ٹیم ایف سی بارسلونا کے خلاف چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے میچ کے دوران مورینیو کے جارحانہ رویّے اور میچ میں شکست کے بعد بارسلونا کی ٹیم اور یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن کے بارے میں سخت تنقید کی بنیاد پر لگائی گئی ہے۔ ریئل میڈرڈ کے کوچ پر پچاس ہزار یورو کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسپین کے شہر میڈرڈ میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم بارسلونا نے میڈرڈ کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ اس میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی فاؤل کرتے رہے اور بعض اوقات ان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ میچ کے دوران بارسلونا کے ریزرو گول کیپر اور ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی پیپے کو ریفری نے سرخ کارڈ دکھایا۔ ایک موقع پر جب مورینیو نے پیپے کو سرخ کارڈ دکھانے پر احتجاج کیا تو ریفری نے مورینیو پر بھی ’ٹچ لائن‘ پابندی لگا دی اور باقی میچ ان کو تماشائیوں کے اسٹینڈ سے بیٹھ کر دیکھنا پڑا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیو میسی نے دو گول کر کے بارسلونا کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں مورینیو نے بارسلونا کی ٹیم پر کڑی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ میچ کے ریفری بارسلونا کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔ مورینیو اس حد تک چلے گئے کہ انہوں نے کہا کہ بارسلونا کو شکست دینا اس لیے ناممکن ہے کہ ہر میچ میں ریفری میڈرڈ کے کسی کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا دیتے ہیں، اور وہ یہ نہیں جانتے کہ ایسا ایف سی بارسلونا اور فٹ بال ایسوسی ایشن کی ملی بھگت سے ہے یا پھر اس وجہ سے کہ بارسلونا کی ٹیم یونیسیف کی پروموٹر ہے۔ بارسلونا نے مورینیو کے خلاف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن میں اپیل دائر کی تھی۔
چیلسی اور انٹر میلان جیسی قابلِ ذکر ٹیموں کے سابق کوچ مورینیو اب اگلے چار میچوں میں گراؤنڈ کے اندر نہیں جا پائیں گے۔ چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کا دوسرا میچ میڈرڈ اور بارسلونا کی ٹیموں کے درمیان ایک ایک سے برابر رہا تاہم مجموعی طور پر ایف سی بارسلونا کی ٹیم تین ایک سے سیمی فائنل جیت گئی۔ اٹھائیس مئی کو بارسلونا چیمپیئنز لیگ کا فائنل ویمبلی میں مانچیسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ کھیلے گی جو کہ جرمن فٹ بال کلب شالکے کو ہرا کر فائنل تک پہنچی ہے۔
رپورٹ: شامل شمس
ادارت: عاطف توقیر