لیونل میسی نے نیا کلب جوائن کر لیا، ارب پتی کھلاڑیوں کا کلب
15 ستمبر 2020امریکی جریدے 'فوربس‘ کے مطابق میسی اب تک 840 ملین یورو یا ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم کما چکے ہیں۔ وہ صرف اس سال ہی 126 ملین ڈالر کمائیں گے، جن میں سے 92 ملین ڈالر انہیں ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا کی طرف سے کھیلنے کی وجہ سے ملیں گے۔ یہی نہیں انہیں رواں برس مختلف اداروں کے ساتھ کمرشل سپانسرشپ معاہدوں کی وجہ سے بھی تقریباﹰ 34 ملین ڈالر کی آمدنی ہو گی۔
'فوربس‘ نے لکھا ہے کہ لیونل میسی دنیا کے ایسے صرف چوتھے کھلاڑی ہیں، جو ایک سپورٹس مین کے طور پر اپنے کیریئر کے دوران ہی کھیل سے ہونے والی آمدنی کے باعث ارب پتی بنے ہیں۔ ان سے پہلے اتنی زیادہ مالی کامیابی حاصل کرنے والے تین کھلاڑیوں میں سے دو کا تعلق امریکا سے تھا اور ایک کا پرتگال سے۔
ان امریکی کھلاڑیوں میں سے ایک عالمی شہرت یافتہ گولفر ٹائیگر ووڈز تھے اور دوسرے باکسنگ کے پیشہ ور چیمپیئن کھلاڑی فلوئڈ مے ویدر۔ میسی سے پہلے ارب پتی بننے والے فٹ بالر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو تھے، جو کھیل کے میدان میں میسی کے اہم ترین حریفوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
باسکٹ بال کے لیجنڈ سمجھے جانے والے امریکی کھلاڑی مائیکل جارڈن بھی ارب پتی تو بن گئے تھے مگر انہوں نے یہ منفرد اعزاز ایک پیشہ ور باسکٹ بالر کے طور پر اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد حاصل کیا تھا۔
تب ان کی دولت میں بہت زیادہ اضافے کا سبب کھیلوں کا سامنا تیار کرنے والےا دارے Nike کے ساتھ کمرشل معاہدہ اور امریکی این بی اے کی باسکٹ بال ٹیم شارلٹ ہورنیٹس کو خرید لینا بنے تھے۔
اس وقت 33 سالہ میسی گزشتہ بیس سال سے اسپین میں ایف سی بارسلونا کے لیے کھیل رہے ہیں۔
'فوربس‘ کی سب سے زیادہ آمدنی والے فٹ بالروں کی تازہ ترین فہرست کے مطابق اس سال دنیا کے دس مہنگے تترین فٹ بال کھلاڑی مجموعی طور پر 570 ملین یورو کمائیں گے۔ یہ رقم گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ بنتی ہے۔
م م / ا ا (اے ایف پی)