1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملائیشیا: احتجاجی گروپ کا ’بدعنوان‘ حکومت کے خلاف احتجاج

امجد علی14 ستمبر 2016

ملائیشیا کے ایک سرکردہ سیاسی احتجاجی گروپ نے اسکینڈلز کی لپیٹ میں آئی ہوئی حکومت کے خلاف پُر زور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ سات ہفتوں تک سڑکوں پر مظاہروں کے بعد اُنیس نومبر کو دارالحکومت میں ایک جلسہ منعقد کیاجائے گا۔

https://p.dw.com/p/1K1w4
Proteste in Kuala Lumpur, Malaysia
’Bersih‘ کہلانے والے احتجاجی گروپ کی جانب سے تیس اگست 2015ء کو کوالالپور کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے کا ایک منظرتصویر: Reuters

نیوز ایجنسیوں کی متفقہ رپورٹوں کے مطابق ’کولیشن فار کلین اینڈ فیئر الیکشنز‘ نامی اس سیاسی احتجاجی گروپ نے بدھ چَودہ ستمبر کو کوالالمپور میں اپنے سات ہفتے کے روڈ شو کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس احتجاجی سلسلے کا نقطہٴ عروج کوالالمپور کا وہ اجتماع ہو گا، جس میں اسکینڈلز کی زَد میں آئے ہوئے وزیر اعظم نجیب رزاق کی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

یہ احتجاجی گروپ گزشتہ سال بھی بڑے پیمانے کے دو روزہ احتجاجی مظاہرے منظم کر چکا ہے، جن میں بدعنوانی کے الزامات کے تحت وزیر اعظم رزاق کی سبکدوشی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اب اس گروپ کا کہنا ہے کہ وہ بدعنوانی کے اُس ہوش رُبا اسکینڈل کے رد عمل میں یکم اکتوبر سے اپنی تازہ مہم شروع کر رہا ہے، جو اتنے بڑے پیمانے کا ہے کہ جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔

اگرچہ نجیب رزاق کے خلاف ایسے الزامات کا دائرہ پھیلتا چلا جا رہا ہے کہ وہ سرکاری فنڈز میں سے کی جانے والی اربوں کی لُوٹ کھسوٹ میں ملوث رہے تاہم وہ پھر بھی بدستور اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔

کولیشن فار کلین اینڈ فیئر الیکشنز کی چیئر پرسن ماریا چِن نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا:’’کوئی ایسا شخص ہمارا وزیر اعظم نہیں ہو سکتا، جس نے عوام کا پیسہ لُوٹا ہو۔ اس ملک میں یہ نہیں ہو گا۔‘‘

این جی اوز (غیر سرکاری تنظیموں) اور سول سوسائٹی گروپوں پر مشتمل یہ گروپ عام طور پر ’برسیح‘ (Bersih) کہلاتا ہے، یہ ملائی زبان کا ایک لفظ ہے، جس کا مطلب ہے، ’صاف شفاف‘۔ یہ گروپ 2007ء سے لے کر اب تک انتخابی نظام اور حکومت میں اصلاحات کے حق میں چار بڑے مظاہرے کر چکا ہے۔ 2011ء اور 2012ء کے مظاہروں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور تیز دھار پانی استعمال کیا تھا۔

Malaysia Premierminister Najib Abdul Razak
نجیب رزاق نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کرتے ہوئے اقتدار پر اپنی گرفت مزید مستحکم بنا لی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/AP Photo/J. Paul

اس گروپ کا الزام ہے کہ 1957ء میں آزادی کے حصول کے بعد سے ملائیشیا میں جو بھی حکومتیں برسرِاقتدار آئی ہیں، وہ منصوبہ بندی کے ساتھ بدعنوانی، انتخابات میں دھاندلی اور مخالفین کو دبانے کی مرتکب ہوئی ہیں۔

اس سال جولائی میں امریکی محکمہٴ انصاف نے امریکا کے ا ندر مقدمے دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ نجیب کے رشتے داروں اور ساتھیوں نے ملائیشیا کے اسٹیٹ انویسٹمنٹ فنڈ 1MDB میں سے اربوں کے حساب سے رقوم چوری کی ہیں۔

تریسٹھ سالہ نجیب رزاق ان تمام الزامات کی صحت سے انکار کرتے ہیں۔ اُنہوں نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کرتے ہوئے اقتدار پر اپنی گرفت مزید مستحکم بنا لی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید