ممبئی میں آگ: ’سلم ڈاگ‘ کی اداکارہ کی جھونپڑی بھی جل گئی
5 مارچ 2011بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی کے ایک پسماندہ علاقے میں ریل کی پٹریوں کے ساتھ ساتھ بنائی گئی اس بستی میں آگ جمعہ کو رات گئے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے لکڑی اور دھات کی چادروں سے بنائی گئی سینکڑوں جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہی میں سے ایک سلم ڈاگ ملینیئر نامی فلم میں کام کرنے والی نابالغ اداکارہ روبینہ علی کا صرف ایک کمرے پر مشتمل وہ کچا گھر بھی شامل تھا، جس کے جل جانے کے بعد روبینہ اور اس کے اہل خانہ بے گھر ہو گئے ہیں۔
اس آتشزدگی کے بعد روبینہ نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ کر اس کی اور اس کے اہل خانہ کی ملکیت تقریباﹰ سبھی کچھ تباہ ہو گیا ہے۔ روبینہ کے بقول تباہ ہو جانے والے اس سامان میں وہ بہت سی تصویریں بھی شامل ہیں جو آسکر ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر اس کے لاس اینجلس کے دورے کے دوران اتاری گئی تھیں۔
روبینہ نے کہا کہ وہ اور اس کے اہل خانہ آگ کے شعلوں سے جو کچھ بچا سکتے تھے، انہوں نے بچا لیا۔ ’’یہ سامان محض چند کپڑوں اور دیگر اشیاء پر مشتمل ہے۔‘‘
روبینہ علی نے ڈینی بوائل کی فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں لاتیکا نام کی ایک چھوٹی بچی کا کردار ادا کیا تھا۔ سن 2008 میں بننے والی اس فلم میں کام کرتے وقت روبینہ کی عمر صرف آٹھ سال تھی۔ یہ فلم یکدم بین الاقوامی شہرت اختیار کر گئی تھی اور کاروباری حوالے سے بھی بہت کامیاب رہی تھی۔
اس فلم کو کئی آسکر ایوارڈ بھی ملے تھے۔ ’سلم ڈاگ‘ میں روبینہ علی کے ساتھ ایک لڑکے کا کردار اظہر الدین نامی ایک بچے نے ادا کیا تھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ڈینی بوائل نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ممبئی کی ایک کچی بستی میں رہنے والے ان دونوں نابالغ فنکاروں کو اسی شہر میں کسی اچھے علاقے میں باقاعدہ گھر دلوائیں گے۔
اظہر الدین نامی چائلڈ ایکٹر 2009ء میں اس بستی سے نکل کر اپنے نئے گھر میں منتقل ہو گیا تھا۔ روبینہ علی کو اگلے مہینوں میں اس کچی بستی سے ممبئی شہر کے ایک بہت مہنگے رہائشی علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں منتقل ہو نا ہے۔ یہ علاقہ اس شہر کے مہنگے ترین رہائشی علاقوں میں شمار ہو تا ہے، جہاں بالی وڈ کے بہت سے اداکار اور دیگر شخصیات بھی رہتی ہیں۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک