نائن الیون اور ممبئی حملے کبھی نہیں بھولیں گے، باراک اوباما
6 نومبر 2010امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ میشل اوباما ہفتے کی دوپہرممبئی کے ہوائی اڈے پراترے توان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ باراک اوباما اپنے دورہ بھارت کے دوران معروف ہوٹل تاج میں قیام کریں گے۔ یہ وہی ہوٹل ہے جو دو دیگر مقامات کے ساتھ سن 2008ء میں دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
امریکی صدر نے تاج ہوٹل میں پہنچنے پر ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائن الیون اور ممبئی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،’ ہم انہیں ہرگز نہیں بھولیں گے۔‘ امریکی صدر نے تاج ہوٹل میں ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں بنائے گئے Tree of Life کا دوہ کیا اوران حملوں میں زندہ بچ جانے والے افراد سے بھی ملاقات کی۔
امریکی صدر اوباما نے ممبئی کو دہشت گردی کے خلاف بھارتی مزاحمت اورطاقت کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اس جنگ میں نئی دہلی کے ہمراہ ہے،’ آج بھارت اور امریکہ پہلے کی نسبت بہت زیادہ باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ لوگ خود کو محفوظ سمجھ سکیں۔‘ انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ ملاقات میں اس تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے کہیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ممبئی حملوں کے مجرمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ اوباما نے کہا، ’ جنہوں نے ممبئی پر حملہ کیا تھا، ان کا مقصد اس شہر اوراس ملک کا اعتماد متزلزل کرنا تھا تاہم وہ اپنی اس کوشش میں ناکام ہو گئے ہیں۔‘
ممبئی حملوں کے دوران کل 166 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں چھ امریکی باشندے بھی تھے۔ بھارتی حکام نے ان حملوں کی ذمہ داری پاکستانی تنظیم لشکر طیبہ پرعائد کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ مجموعی طور پر 10 مسلح افراد نے 26 نومبر کو ممبئی کے تین مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیاں کیں اور بھارتی سکیورٹی حکام کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں نو حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ زندہ بچ جانے والے حملہ آور اجمل قصاب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بھارتی عدالت نے ان حملوں میں ملوث ہونے کے جرم میں اجمل قصاب کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔
امریکی صدراوباما نے اپنے تین روزہ دورہ کے پہلے دن ممبئی میں منی بھون میں واقع گاندھی میموریل کا دورہ کرنے کے علاوہ ممبئی میں ہی منعقد کی گئی ایک تقریب میں بھارت اورامریکی ممتاز صنعتی شخصیات سےایک خصوصی خطاب بھی کیا۔ اس دوران امریکی صدر باراک اوباما بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاٹوں کو دور کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنائے۔
اپنے دورے کے دوسرے دن یعنی اتوار کو باراک اوباما ممبئی یونیورسٹی کے طلبا سے ملاقات کریں گے اور اس کے فوری بعد وہ دارالحکومت نئی دہلی روانہ ہو جائیں گے، جہاں بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ان کی ملاقات طے ہے۔
رپورٹ : عاطف بلوچ
ادارت : افسر اعوان