1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

نیٹو سمٹ: یوکرین کا اپنے لیے جلد از جلد رکنیت پر زور

9 جولائی 2023

یوکرین کی طرف سے مسلسل اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی آئندہ ہفتے لیتھوانیا میں ہونے والی سمٹ میں کییف کی اس اتحاد میں رکنیت کا لازمی اور واضح وعدہ کیا جانا چاہیے۔

https://p.dw.com/p/4TdjB
Russland Ukraine Krieg NATO
یوکرینی صدر، دائیں، اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل: یوکرین کی نیٹو میں آئندہ شمولیت کے امکانات بھی ولنیئس سمٹ کے موضوعات کا حصہ ہوں گےتصویر: Ukrainian Presidential Press Office/AP/picture alliance

جرمنی میں یوکرین کے سفیر اولیکسی ماکائیف نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ کییف حکومت اپنے لیے ولنیئس سمٹ کے نتائج سے ٹھوس توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے۔

نیٹو سمٹ سے پہلے بائیڈن برطانیہ کے دورے پر

یوکرینی سفیر کے مطابق مغربی دفاعی اتحاد کی اس سربراہی اجلاس میں یوکرین کو کھل کر یہ دعوت دی جانا چاہیے کہ وہ نیٹو کی رکنیت کی سمت اپنا سفر شروع کر دے۔

نیٹو کے اکتیس رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کا دو روزہ سربراہی اجلاس لیتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں آئندہ منگل اور بدھ کو ہو رہا ہے، جس میں گزشتہ برس فروری کے اواخر میں یوکرین پر روسی فوجی حملے کے ساتھ شروع ہو کر اب تک جاری رہنے والی روسی یوکرینی جنگ ہی مرکزی موضوع ہو گی۔

سترہ ہزار یوکرینی ریکروٹس کی فوجی تربیت مکمل، برطانوی رپورٹ

Oleksii Makeiev Botschafter der Ukraine in Deutschland
جرمنی میں یوکرین کے سفیر اولیکسی ماکائیفتصویر: BeckerBredel/IMAGO

'نیٹو کوئی ابہام نہ چھوڑے‘

جرمنی میں یوکرین کے سفیر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ کییف حکومت چاہتی ہے کہ یوکرین کی اس دفاعی اتحاد میں آئندہ شمولیت سے متعلق نیٹو کو اب ہر قسم کے ابہام کا راستہ روک دینا چاہیے۔

یوکرین کی طرف سے اپنے لیے نیٹو کی رکنیت کے غیر متزلزل وعدے کا مطالبہ ایک ایسے وقت پر دوہرایا جا رہا ہے، جب نیٹو کی 31 رکن ریاستیں لیتھوانیا میں اپنی اگلی سالانہ سمٹ کی تیاریاں کر رہی ہیں۔

نیٹو ہے کیا اور اس کا قیام کیوں عمل میں آیا؟

کییف کا واضح مطالبہ ہے کہ ایک بار یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے بعد سے جاری جنگ ختم ہو جائے، تو یوکرین کے لیے نیٹو کی رکنیت ایک لازمی سی بات ہونا چاہیے۔

نیٹو ممالک کی ایئر فورسز کی سب سے بڑی فضائی مشقیں

ماضی کی غلطیوں کے خلاف تنبیہ

جرمنی میں یوکرین کے سفیر اولیکسی ماکائیف نے ڈی پی اے کے ساتھ انٹرویو میں یہ تنبیہ بھی کی کہ نیٹو کو اپنی ماضی میں کی گئی غلطیوں کو دوہرانا نہیں چاہیے، مثال کے طور پر 2008ء میں بخارسٹ میں نیٹو کی سربراہی کانفرنس کے دوران کی جانے والی غلطیاں۔

نیٹو ممالک کا اسلحے کی پیداوار بڑھانے پر غور

اس حوالے کے ذریعے یوکرینی سفیر ماکائیف کی مراد یہ یاد دلانا تھا کہ نیٹو کی بخارسٹ سمٹ میں اس اتحاد نے کییف کی طرف سے اس تنظیم میں شمولیت کی خواہش کا خیر مقدم تو کیا تھا تاہم اس دور کی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یہ کہتے ہوئے اس تجویز کی مخالفت کی تھی کہ اس مشرقی یورپی ملک کو اتنی تیز رفتاری سے نیٹو میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ آئندہ ہفتے کی ولنیئس سمٹ میں یہ تو نہیں ہو سکے گا کہ یوکرین کو نیٹو میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دے دی جائے۔

م م / ع س (روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی)