ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ: پاکستان عالمی چیمپئن
21 جون 2009پاکستان نے لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ تمام اندازوں کے اُلٹ پاکستان نے وہ کارنامہ سرانجام دیا جس کی ابتداء پر توقع بھی نہیں کی جا سکتی تھی۔ پاکستان نے اُنیسویں اوورز میں مطلُوبہ ہدف یعنی ایک سو انتالیس رنز حاصل کر لیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹارگٹ کے حصول میں انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی۔ صرف دو وکٹوں کے نقصان پر فتح کی منزل تک پاکستانی کھلاڑی پہنچے۔ شاہد آفریدی کے شاندار ناٹ آؤٹ چون رنز نمایاں تھے۔ کامران اکمل کے سینتیس، شعیب ملک کے چوبیس اور شاذیب حسن کے اُنیس رنز بھی فتح میں اہم تھے۔
لارڈز کے میدان پر ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کے ورلڈ کپ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو قدرے مہنگا رہا۔ تیرہویں اوورز تک صرف ستر رنز بن سکے اور چھ سری لنکن کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ آخری چھ اوورز میں سری لنکا نے اڑسٹھ رنز بنائے جس کی توقع نہیں کی جا رہی تھی۔ پاکستانی باولر عبدالرزاق نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔