پاکستان کرکٹ کے لئے دھچکہ، گُل اور عرفات زخمی
18 اپریل 2010ویسٹ انڈیز میں 30 اپریل سے شروع ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ان دو کھلاڑیوں کا فٹ نہ ہونا پاکستانی ٹیم کے ساتھ ساتھ مداحوں کے لئے بھی بُری خبر ہے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے باقاعدہ طور پر عُمر گل اور یاسر عرفات کے اَن فٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ان کی شمولیت خارج از امکان قرار دی ہے۔
پاکستانی کرکٹ بورڈ نے کیریبین میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کے لئے تین ہفتوں پر مبنی ایک تربیتی کیمپ منعقد کیا تھا۔ اسی ٹریننگ کیمپ کے دوران فاسٹ بولر عمر گل اور آل راوٴنڈر یاسر عرفات زخمی ہوگئے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں عمر گل پاکستان کے لئے بہترین بولر ثابت ہوئے ہیں۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گل نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 میچوں میں 26 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2007ء اور 2009ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں عمر گل نے پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی، کوچ وقار یونس اور چیف سلیکٹر محسن خان کے مطابق گل اور عرفات کی جگہ فاسٹ بولر محمد سمیع اور نوجوان بولر محمد عرفان ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کھیلیں گے۔ چیف سلیکٹر محسن خان نے لاہور میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کپتان اور کوچ کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ کے لئے نصف فٹ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ پہلے ہی بحران کی شکار ہے۔ آل راوٴنڈرز شعیب ملک اور رانا نوید الحسن کو بورڈ کی طرف سے ایک ایک سال کی پابندی اور جرمانے کا سامنا ہے، جس کے باعث یہ دونوں ہی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: عاطف توقیر