1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آفریدی پاکستان کو جتاسکتا ہے، مشاق محمد

14 اپریل 2010

سابق مایہ ناز پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر مشاق محمد کو یقین ہے کہ شاہد آفریدی ہی بطور قائد پاکستان کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ہونے کے اعزاز کا دفاع کرسکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Mvhn
تصویر: AP

برطانیہ کے لارڈز اسٹیڈیم میں صحافیوں سے بات چیت میں مشتاق محمد کا کہنا تھا کہ آفریدی نے اس فارمیٹ کی عالمی چیمپین شپ جتائی تھی اور وہ اس طرز کے کھیل کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ شاہد آفریدی کو موجودہ دور میں سرفہرست آل راونڈرز میں گنا جاتا ہے تاہم انہیں بال ٹیمپرنگ کے تنازعے کے بعد جرمانے کا سامنا ہے۔ شاہد آفریدی پر تیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

آفریدی اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرچکے ہیں۔ آفریدی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ چونکہ پہلے ہی اس پاداش میں دو مقابلوں کی پابندی بھگت چکے ہیں لہذا انہیں مزید سزا نہ دی جائے۔ یونس خان نے بھی پابندی کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔

BdT Pakistan Cricket Younis Khan
یونس خان نے بھی پابندی کے خلاف اپیل دائر کردی ہےتصویر: AP

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو رواں ماہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے کپتان نامزد کیا ہے۔ پاکستان ان عالمی مقابلوں میں سابق قائدین یونس خان اور محمد یوسف کی عدم موجودگی میں شریک ہو رہا ہے، جن پر شعیب ملک اور رانا نوید سمیت کرکٹ بورڈ نے پابندی عائد کردی ہے۔ واضح رہے کہ یونس خان اور شاہد آفریدی سے قبل کامران اکمل، عمراکمل اور رانا نوید الحسن بھی جرمانوں اور پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرچکے ہیں۔

مشتاق کے بقول پاکستان بہت سے اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوچکا ہے تاہم امید ہے کہ پاکستانی دستہ ویسٹ انڈیز میں اس مشکل صورتحال سے سرخرو ہوکر نکلے گا۔ مشتاق محمد لارڈز میں رواں سال جولائی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کی اشتراکی مہم کا افتتاح کرنے آئے ہیں۔ لارڈز اسٹیڈیم کے مالک اور کرکٹ کی بانی انتظامی تنظیم Marylebone Cricket Club دونوں ملکوں کے مابین اپنے یہاں ٹیسٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا سلسلہ منعقد کر رہی ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں