پاکستان: کسی ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز اور ہلاکتیں
24 اپریل 2021ہفتہ 24 اپریل کو پاکستان میں ایک دن میں نئے کورونا کیسز کی ریکارڈ تعداد اور اس وائرس سے سب سے زیادہ ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ مریضوں کی غیر معمولی بڑھتی تعداد کی وجہ سے ہسپتالوں کو آکسیجن کی فراہمی کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کورونا بحران:بھارت کو پاکستان سمیت متعدد ملکوں سے امداد کی پیشکش
جنوبی ایشیا کا ایک اور ملک بھارت اس وقت کورونا کی شدید ترین لہر کا سامنا کر رہا ہے اور میڈیکل آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ دوسری جانب وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کورونا ضابطوں کی پابندی پر عمل درآمد کے لیے تادیبی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
کورونا کا انتہائی تیز رفتار پھیلاؤ
پاکستان میں حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 157 مریض کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔ اسی عرصے میں چھ ہزار کے قریب افراد میں اس وائرس کی تشخیص کی گئی۔ اس وقت بھی ملک کے مختلف ہسپتالوں میں انتہائی تشویش ناک حالت میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مریض داخل ہیں۔
احتیاط نہ کی تو پاکستان کا بھی بھارت جیسا حال ہو گا، عمران خان
پاکستان میں کورونا وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 17 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ اس وقت پاکستان بھر میں کووڈ انیس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 86,500 سے زائد ہے۔ مجموعی طور پر اب تک سات لاکھ نوے ہزار سے زائد پاکستانیوں میں کووڈ انیس بیماری کی نشاندہی ہو چکی ہے۔
کورونا مریضوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل قیصر عباس نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ملک میں کورونا وبا کے مریضوں کی حقیقی تعداد اصل میں کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بے شمار ہلاک شدگان ہسپتالوں تک لانے سے قبل ہی دم توڑ جاتے ہیں اور وہ مجموعی ہلاکتوں کی گنتی میں شامل نہیں ہوتے۔ عباس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی خاندان اپنے گھروں میں اس مرض میں مبتلا افراد کو چپھائے رکھتے ہیں تا کہ جان جانے کی صورت میں ان کی معمول کی تدفین کی جا سکے۔
مریضوں کی بڑھتی تعداد اور ہیلتھ سسٹم
پاکستان کے بظاہرکمزور نظام صحت کو کورونا مریضوں کی مسلسل بڑھتی تعداد کا سامنا ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کے نجی کلینکس اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ ہیلتھ ورکرز کے مطابق اسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریض پہنچائے جا چکے ہیں۔
کورونا وائرس: پاکستان میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں مریضوں میں ریکارڈ اضافہ
مخدوش صورت حال کے تناظر میں مبصرین نے ملکی ہیلتھ سسٹم کے بیٹھ جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ایک مقامی ٹیلی وژن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یو) میں بھی تشویش ناک مریضوں کی تعداد بھی توقع سے بڑھ چکی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ حکام کے حوالے سے آکسیجن کی قلت پیدا ہونے کا اشارہ بھی دیا گیا۔
اس وقت پاکستان میں میڈیکل آکسیجن کی پروڈکشن اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
ع ح، ا ب ا (ڈی پی اے۔ مقامی میڈیا)