1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو زون کا بحران عالمی معیشت کے لیے خطرہ ہے، آئی ایم ایف

25 جنوری 2012

عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے کہا ہے کہ یورو زون کو درپیش خطرات کی وجہ سے عالمی اقتصادیات بھی خطرے میں ہے۔ اس ادارے نے عالمی معیشت کی شرح نمو کے لیے بھی نئی پیشن گوئی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/13pL9
تصویر: dapd

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا اب کہنا ہے کہ رواں برس عالمی معیشت کی شرح نمو 3.25 فیصد رہے گی۔ قبل ازیں اس کے لیے چار فیصد کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔

اس عالمی فنڈ نے ستمبر کی اقتصادی پیشن گوئیوں کے اپ ڈیٹ میں رواں برس کے لیے عالمی معیشت کی شرح نمو میں کمی ظاہر کی۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ رواں برس یورو زون کی معیشت 0.5 فیصد نیچے جائے گی۔

آئی ایم ایف نے عالمی معیشت کی شرح نمو کے لیے پیشن گوئی میں اس کمی کی وجہ بھی یہی بتائی ہے کہ رواں برس یورو زون کی معیشت معمولی بحران کی شکار ہو سکتی۔

اس ادارے نے زور دیا ہے کہ وہ ملک جن کی معیشتیں بحران کی شکار نہیں، وہ اپنے اخراجات کو قابو میں رکھیں تاکہ صورتِ حال خراب نہ ہونے پائے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ یورو زون کی کمزور معاشی صورتِ حال پر پائے جانے والے خدشات پر قابو پا لیا گیا تو آئندہ برس عالمی معیشت کی شرح نمو 3.9 فیصد ہو سکتی ہے۔

اس ادارے نے اپنے بیان میں کہا: ’’یورو زون کو درپیش مشکلات اور دنیا کی دیگر معیشتوں کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان کے باعث عالمی معیشت کی بحالی کو خطرہ ہے۔‘‘

USA Washington Internationaler Währungsfond Logo Finanzkrise Griechenland
آئی ایم ایف گزشتہ کچھ عرصےسے یورو بحران کا ذکر کرتی آ رہی ہےتصویر: AP

بیان میں مزید کہا گیا: ’’مالی حالات مزید خراب ہوئے ہیں، شرح نمو بڑھنے کے امکانات معدوم ہو ئے ہیں اور حالات مزید بگڑنے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔‘‘

آئی ایم ایف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھرتی ہوئی اور ترقی پذیر معیشتوں کی شرح نمو بھی سست ہونے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ بیرونی اقتصادی طاقتوں کی خراب صورتِ حال اور کمزور پڑتی ہوئی اندرونی طلب ہے۔

خیال رہے کہ یہ عالمی فنڈ گزشتہ کئی ہفتوں سے اس حوالے سے خبردار کر رہا ہے کہ یورپی بحران کی وجہ سے عالمی معیشت کمزور پڑ رہی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید