گرلز ان گرین فتح یاب
19 مارچ 2016میچ بھارت کی ٹیم نے بیٹنگ سے شروع کیا اور 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر کل97 رنز بنائے۔ پاکستان کی ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 77 رنز پر کھیل رہی تھی جب بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بعد میں ڈک ورتھ اینڈ لوئيس میتھڈ کے ذریعے پاکستان کی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔
پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر سوشل میڈیا پر کئی افراد نے ہیش ٹیگ گرلز ان گرین کے ساتھ پاکستان کی خاتون کھلاڑیوں کی خوب پذیرائی کی۔ اداکارہ ماہرہ خان نے لکھا، ’’ لڑکیوں زبردست، آپ سب پر ہمیں بہت فخر ہے۔‘‘
سوشل میڈیا کے ایک صارف عبدالعزیز نے لکھا، ’’سن 2016 پاکستان کی خواتین کے لیے بہت اچھا جا رہا ہے، شرمین عبید چنائے کا آسکر، ویمن پروٹیکشن بل اور اب گرلز ان گرین کی فتح۔‘‘
کئی افراد نے اس کرکٹ میچ میں کامیاب ہونےو الی خواتین کی فتح یابی کے موقع پر بنائی گئی ویڈیوز بھی شئیر کیں۔
ٹوئٹر کے ایک صارف عاطف متین انصاری نے لکھا،’’ اب ماننا پڑے گا کہ جو کام پاکستان میں لڑکے نہیں کر سکتے وہ ہماری لڑکیاں کر سکتی ہیں۔‘‘
میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم کی کپتان ثنا میر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام بھی شئیر کیا۔
ثنا میر نے ویڈیو پیغام میں تمام خاتون کھلاڑیوں کے والدین کا ان پر یقین رکھنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ویڈیو میں ان خاتون کھلاڑیوں نے کہا کہ یہ جیت اُن والدین کے نام جو اپنی بیٹیوں کو کرکٹ کهیلنے کی اجازت دیتے ہیں۔