1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایس آئی اور سی آئی اے، ’کشیدگی عروج پر‘

6 جنوری 2011

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ کا سب سے اہم اتحادی ہے تاہم دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان تناؤ کی کیفیت اس وقت اپنی انتہاؤں کو چھو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/zuG5

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور پاکستانی فوج کی انٹیلی جنس سروس آئی ایس آئی کے درمیان تناؤ کی صورتحال نئی نہیں ہے۔ امریکی ایجنسیاں آئی ایس آئی پر الزام عائد کرتی ہیں کہ وہ پاکستان کے تاریخی حریف ملک بھارت کی مخالفت کے باعث متعدد عسکریت پسند گروپوں کی پس پردہ پشت پناہی میں مصروف ہے۔ امریکی ایجنسیوں کو یقین ہے کہ ایسے ہی عسکریت پسندوں گروپوں میں چند ایسے بھی ہیں، جو القاعدہ اور طالبان سے گہرے روابط بھی رکھتے ہیں اور ان کی مدد بھی کرتے ہیں۔

Pakistan Geheimdienst ISI
آئی ایس آئی کے سربراہ پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کے دورانتصویر: picture alliance / dpa

امریکہ کی خارجہ پالیسی اور دہشت گردی کے انسداد کی جنگ کے خلاف کی جانے والی منصوبہ بندی میں مصروف متعدد خفیہ اہلکاروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو موضوع کی حساسیت کے باعث اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خطے میں امریکی خفیہ فوجی سرگرمیاں کافی زیادہ ہیں۔ ان سرگرمیوں سے واقف ان عہدیداروں کے مطابق امریکہ اور پاکستان کے درمیان خفیہ ایجنسیوں کے درمیان تعاون کی بجائے کشیدگی کی وجہ گزشتہ برس کئی مختلف عناصر رہے۔

ایک وجہ تو یہ رہی کہ امریکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز سے یہ مطالبہ کرتا رہا کہ وہ اپنی مسلح کارروائیوں کا دائرہ کار شمالی وزیرستان تک بڑھائے، جسے عسکریت پسندوں کی محفوظ ترین پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم پاکستانی حکومت اور سکیورٹی فورسز اس آپریشن کے آغاز پر آمادہ نہ ہوئے۔

امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی میں اب بھی ایسے عناصر موجود ہیں، جو ایسے عسکریت پسندوں کی پشت پناہی کرتے ہیں، جو افغانستان میں امریکی فوجیوں کے خلاف کارروائیوں میں براہ راست توملوث نہیں مگر یہ مسلح گروپ، امریکہ مخالف طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں کی معاونت ضرور کرتے ہیں۔

Pakistan General Ashfaq Pervaiz mit soldaten im Swat Tal
پاکستانی فوج کے سربراہتصویر: Abdul Sabooh

امریکی حکام ممبئی میں سن 2008ء میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ڈیوڈ ہیڈلی کے اس بیان پر بھی سخت تشویش کا شکار ہیں، جس میں اس کا کہنا ہے کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی میں پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی بالواسطہ طور پر ملوث تھی۔

تاہم امریکی خفیہ امور کے ماہرین اس بات پر قدرے مطمئن بھی ہیں کہ پاکستان کے موجودہ فوجی سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل احمد شجاع پاشا نے عسکریت پسندوں کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہے۔ حکام کے خیال میں اب آئی ایس آئی اور عسکریت پسندوں کے درمیان روابط میں کمی پر سنجیدہ توجہ دی گئی ہے تاہم فوجی قیادت اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر زیادہ مطمئن نہیں ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امریکی اور پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر پہنچی، جب گزشتہ برس پاکستانی میڈیا میں نام منظر عام پر آنے کے بعد اسلام آباد میں متعین اعلیٰ ترین سی آئی اے اہلکار کو مجبوراﹰ ملک چھوڑنا پڑا۔

رپورٹ: عاطف توقیر / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں