1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی پر بھارتی سفارت کار کو سزا

20 مئی 2018

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت نے سابقہ سفارت کار کو پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں تین برس قید کی سزا سنا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2y1k1
Pakistan indische Botschaft in Islamabad
تصویر: Getty Images/AFP/J. Samad

اتوار کے روز سابقہ سفارت کار مادھوری گپتا کے وکیل نے اس سزا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی دہلی کی عدالت نے ان کی مؤکلہ کو پاکستانی خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس  (آئی ایس آئی) کے لیے جاسوسی کرنے پر مجرم قرار دے دیا ہے۔ جمعے کو مادھوری گپتا پر نئی دہلی کی ایک عدالت میں ’جاسوسی اور معلومات کو غیرقانونی طور پر استعمال‘ کرنے جیسے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے میں تعیناتی کے دوران انہوں نے خفیہ معلومات پاکستان کو مہیا کیں۔

پاکستان نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا

بھارتی سفارتکار نے میری والدہ سے بدتمیزی کی، کلبھوشن کا بیان

’خواتین کو بیواؤں کی طرح پیش ہونے پر مجبور کیا گيا،‘ بھارت

61 سالہ گپتا کو سن 2010 میں آئی ایس آئی کو معلومات مہیا کرنے کے الزام پر حراست میں لیا گیا تھا۔ نچلی سطح کی اس سفارت کار کو بھارت کے سرکاری رازوں کے تحفظ کے قانون کے تحت دو برس تک حراست میں رکھا گیا تھا اور پھر ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

مادھوری گپتا کے وکیل جوگیندر داہیا کا کہنا ہے کہ ان کی مؤکلہ اس سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کریں گی۔

داہیا نے کہا، ’’وہ پہلے ہی قریب 21 ماہ جیل میں گزار چکی ہیں اور انہیں جیل میں گزارے گئے وقت کی بنا پر رہا کر دیا جانا چاہیے۔‘‘

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق گپتا کو زیادہ سنجیدہ نوعیت کی سزا نہ دیے جانے کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے سن 2009 تا 2010 جو معلومات پاکستان کو مہیا کی، وہ عسکری نوعیت کی نہیں تھيں۔ گپتا پاکستان میں قائم بھارتی سفارت خانے میں سیکنڈ سیکرٹری کے عہدے پر فائز تھیں۔

انہوں نے خود پر عائد الزامات کو بار بار مسترد کیا ہے اور ان کا موقف ہے رہا ہے کہ وزارت خارجہ اور سفارت خانے کے حکام کے ساتھ خراب تعلقات کی بنا پر ان پر یہ الزامات عائد کیے گئے۔ تاہم عدالت کے مطابق گپتا کے اقدامات کی وجہ سے بھارتی تشخص کو نقصان پہنچا اور انہوں نے ملکی سلامتی پر سمجھوتہ کیا۔  بھارتی پولیس کے مطابق سن 2010 میں گرفتاری سے قبل گپتا کی قریب چھ ماہ تک نگرانی کی گئی تھی۔

ع ت / ع س